کراچی میں بجلی کی شدید لوڈشیڈنگ سے شہری مشکلات کا شکار ہیں، متعدد علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ 12 گھنٹے سے تجاوز کرگئی۔
شہر قائد کے علاقوں اورنگی،کورنگی، لیاری، ماڑی پور اور لائنز ایریا میں لوڈشیڈنگ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں، قائدآباد، ملیر، منگھوپیر، کیماڑی، سرجانی اور نیوکراچی میں بھی گھنٹوں لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔
سولجر بازار، ہاکس بے روڈ اورگلشن معمار کے مکین لوڈشیڈنگ سے پریشان ہیں جبکہ ملیر اور لانڈھی میں بھی گھنٹوں بجلی غائب رہنے لگی ہے۔
بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ بندش کے خلاف اورنگی ٹاؤن سمیت متعدد علاقوں میں شہری سراپا احتجاج ہیں۔
اورنگی اور بلدیہ ٹاؤن سمیت متعدد علاقوں میں 2 سے 3 روز تک بجلی غائب رہنے کی شکایات بھی موصول ہورہی ہیں۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ فوری ختم کی جائے۔
دوسری جانب کے الیکٹرک کی جانب سے 10 گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بجلی کی بندش بلوں کی عدم ادائیگی کے باعث کی جاتی ہے۔


























Leave a Reply