کراچی: چیئرمین ایچ بی ایل سلطان علی الانا نے کہا ہے کہ سول سروس محض ایک ملازمت نہیں بلکہ یہ عوامی خدمت کے مستقبل میں ایک سرمایہ کاری ہے۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کراچی میں 45ویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس (بی ایس-18 افسران) کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سلطان علی الانا نے پاکستان کے گورننس کے منظر نامے میں سول سروس کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔
اپنے خطاب میں انہوں نے میرٹ کو کامیابی کی کلید قرار دیا اور کہا کہ “تاریخ ہمیں سکھاتی ہے کہ جب میرٹ کمزور ہوتا ہے تو نتائج کمزور ہوتے ہیں، جب آپ میرٹ کو نظر انداز کرتے ہیں تو سسٹم میں نااہلی (incompetence) کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، جو مزید نااہلی کو جنم دیتی ہے۔”
انہوں نے سنگاپور کے لی کوان یئو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط سیاسی قیادت کو ایک غیر جانبدار، ایماندار اور میرٹ پر بھرتی ہونے والی سول سروس کی ضرورت ہوتی ہے۔
چیئرمین ایچ بی ایل نے افسران سے یہ بھی کہا کہ وہ ریاست کی مشینری اور عام شہریوں کے درمیان ایک پل کی حیثیت رکھتے ہیں، آپ کا کام اختیارات کو احتساب میں بدلنا ہے، سول سروس کا کام صرف انتظامیہ چلانا نہیں بلکہ یہ عوامی اعتماد، وسائل اور قومی وقار کی نگہبانی (Stewardship) ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی اور سکیورٹی کے پیچیدہ چیلنجز سے گزر رہا ہے اور ٹیکنالوجی معاشرے کو تیزی سے تبدیل کر رہی ہے۔
مزید براں سلطان علی الانا نے افسران کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے محکموں میں واپس جا کر عوام کی بات زیادہ سنیں، مشاورت کریں اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات، غریبوں اور نوجوانوں پر خصوصی توجہ دیں۔


























Leave a Reply