کراچی : یلو لائن بی آر ٹی منصوبے میں ساڑھے 8 ارب کی کرپشن کیس میں ضمیر عباسی کے بے نامی جائیدادوں اور بینک اکاؤنٹس کی تحقیقات شروع کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن عدالت میں کراچی کے یلو لائن بی آر ٹی منصوبے میں ساڑھے 8 ارب روپے کی مبینہ کرپشن کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی۔
تفتیشی افسر محمد شیر زمان کی جانب سے عدالت میں تحقیقاتی پیشرفت رپورٹ جمع کرا دی گئی ہے، جس کی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ کیس کے مرکزی ملزم اور سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی کی بے نامی جائیدادوں اور بینک اکاؤنٹس کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے پاس چھپائے گئے اثاثوں، جائیدادوں اور بینک اکاؤنٹس کے ٹھوس شواہد موجود ہونے کا قوی امکان ہے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ یلو لائن بی آر ٹی کے 3 اہم تعمیراتی منصوبوں نیو جام صادق پل، داؤد چورنگی پر ڈپو ون، اور انڈس اسپتال کے پاس ڈپو ٹو کی تعمیر کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں معلوم ہوا کہ باہمی ملی بھگت سے منصوبوں میں مالی نظم و ضبط کو بری طرح نظر انداز کیا گیا۔
تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی اور ڈائریکٹر پروکیورمنٹ جھامن داس نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ٹھیکیداروں کو غیر قانونی فائدہ پہنچایا۔
ملزمان نے ساڑھے 8 ارب روپے کی خطیر مالی معاونت بغیر کسی بینک گارنٹی کے فراہم کی، جس کے نتیجے میں سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔
اینٹی کرپشن حکام نے عدالت کو مطلع کیا ہے کہ ٹھیکیداروں اور متعلقہ افسران کے خلاف ناقابلِ تردید شواہد موجود ہیں اور مقدمے میں ملوث مزید افراد کے خلاف بھی تفتیش کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
رپورٹ میں استدعا کی گئی ہے کہ اگر ملزم ضمیر عباسی کو رہا کیا گیا تو وہ گواہوں کو متاثر کر سکتا ہے اور اہم ثبوت ضائع ہونے کا خدشہ ہے، لہٰذا اس کی رہائی روک کر قانون کے مطابق کارروائی آگے بڑھائی جائے۔
Source: پاکستان



