تہران(28 نومبر 2026): ایران نے آبنائے ہرمز سے لے کر بحرِ ہند تک کی سمندری حدود پر اپنے مکمل کنٹرول اور ایک تجارتی جہاز کو روکنے کا دعویٰ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی فوج کے ترجمان محمد اکرم نیا نے یومِ بحریہ کے موقع پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ایرانی بحری افواج تمام اہم سمندری گزرگاہوں اور ملحقہ پانیوں کی مسلسل اور مؤثر نگرانی کر رہی ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ خلیج عمان میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ایسے تجارتی جہاز کو روک لیا گیا ہے جو امریکی بحری ناکہ بندی سے بچ کر نکلنے کی کوشش کر رہا تھا۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایرانی فوج کے اس دعوے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں سینٹ کام نے کہا ہے کہ ایران کے پاس اب کوئی بحریہ موجود ہی نہیں ہے۔
امریکی حکام نے مزید کہا کہ ایرانی فوجی کمانڈر کی جانب سے جس صورتحال اور کارروائی کی وضاحت کی گئی ہے، وہ محض ایک من گھڑت کہانی ہے جو سراسر جھوٹ پر مبنی ہے۔
Source: پاکستان



