کویت سٹی : ایران نے کویت میں علی السالم امریکی ایئربیس پر خودکش ڈرونز سے حملے کیے تاہم کویت نے حملوں کو ناکام بنانے کا دعویٰ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایران نے بدھ کی صبح کویت میں واقع اسٹریٹجک اہمیت کے حامل “علی السالم” امریکی ایئربیس کو خودکش ڈرونز کی جانب سے نشانہ بنایا، جس کے بعد خطے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔
کویت نے ایران کی جانب سے کیے گئے فضائی حملوں کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ خودکش ڈرونز نے کویت میں علی السالم ایئربیس پر موجود پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹمز، امریکی ڈرونز اور میزائل لانچرز کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق ان حملوں کا بنیادی ہدف خطے میں قائم امریکی فوجی تنصیبات اور دفاعی نظام تھے۔
ایرانی فوج نے دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے دفاع میں کسی بھی طاقت کے سامنے سر نہیں جھکایا جائے گا اور کسی بھی جارحیت کا جواب فیصلہ کن، تباہ کن اور جغرافیائی حدود کی قید سے آزاد ہوگا۔
FOLLOW US ON ARY TUBE
کویتی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کا فضائی دفاعی نظام دشمن ڈرونز کے حملوں کا بھرپور مقابلہ کر رہا ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق کویت میں واقع علی السالم ایئربیس مغربی ایشیا میں امریکی فوج کے داخلے اور فضائی نقل و حمل کا ایک نہایت اہم مرکز ہے، جو خطے میں امریکی افواج کی عسکری اور لاجسٹک حکمتِ عملی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
Source: پاکستان



