لاہور: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے مبینہ محاصرے کے خلاف درخواست دائر کردی گئی ، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ غیر قانونی پولیس محاصرہ فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے مبینہ پولیس محاصرے اور انہیں گھر میں محبوس رکھنے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
یہ درخواست جے یو آئی کے وکیل ابرار حسین کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور سمیت دیگر پولیس افسران کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سربراہ جے یو آئی کی رہائش گاہ کے اطراف 3 ہزار پولیس اہلکار تعینات کر کے انہیں گھر کے اندر محبوس کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس کی جانب سے کسی بھی قسم کی ملاقات کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی۔
FOLLOW US ON ARY TUBE
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ پولیس حکام سے فضل الرحمان کی نظربندی یا حراست سے متعلق قانونی حکم نامہ طلب کیا گیا تاہم تاحال کوئی قانونی دستاویز پیش نہیں کی گئی۔
درخواست میں عدالتِ عالیہ سے استدعا کی گئی ہے کہ فضل الرحمان کی رہائش گاہ کا غیر قانونی پولیس محاصرہ فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دیا جائے۔
Source: پاکستان



