کراچی: ایڈمن سوسائٹی میں گرنے والی 6 منزلہ عمارت کا نقشہ اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کو موصول دستاویزات کے مطابق عمارت کے نقشے کی منظوری عبد اللہ شکیل نامی شخص کے نام پر ہوئی تھی جبکہ منہدم ہونے والی عمارت کا پلاٹ رہائشی تھا جس کے نقشے کی منظوری 10 مارچ 2026 کو لی گئی تھی۔
دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ صرف 8 ماہ کے قلیل عرصے میں غیر قانونی طور پر 6 منزلہ عمارت تعمیر کی گئی، ایڈمن سوسائٹی میں گرنے والی یہ عمارت مکمل طور پر غیر قانونی تعمیر کی گئی تھی۔
ایس بی سی اے کے افسران کی مبینہ سرپرستی میں 6 منزلہ عمارت تعمیر کی گئی ہے، عمارت کی منظوری بیسمنٹ اور گراؤنڈ پلس ون کی دی گئی تھی، بلڈر نے افسران کی ملی بھگت سے غیر قانونی طور پر اوپری منزلیں تعمیر کیں۔
یہ پڑھیں: کراچی: بلوچ کالونی میں عمارت گرنے کی ویڈیو منظرِ عام پر آگئی
ذرائع کا کہنا ہے کہ رہائشی علاقوں میں صرف گراؤنڈ پلس ون یا ٹو کی تعمیرات کی اجازت ہوتی ہے۔
علاوہ ازیں ریسکیو حکام کا بتانا ہے کہ عمارت کے ملبے سے 3 لاشیں اور 14زخمی نکال کر جناح اسپتال منتقل کیے گئے ہیں، زخمیوں میں 39 سالہ نادر حسین، 17 سالہ احمد، 35 سالہ لال خان، 22 سالہ عزیز الحق، 22 سالہ روح اللہ، 24 سالہ نوید شامل ہیں۔
زخمیوں میں 25 سالہ واصل خان، 25 سالہ بلال اور ایک 25 سالہ نامعلوم شخص بھی شامل ہیں، 26 سالہ عطاء اللہ، 20 سالہ عزیز الحق ،22 سالہ وقار خان، 22 سالہ محمد احسن، 35 سالہ محمد مکی شامل ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبے مزید ممکنہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 کا سرچ آپریشن جاری ہے۔
Source: پاکستان



