اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت نے کل سے فارمولا دودھ کے اشتہارات پر پابندی عائد کرنے کی ہدایت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت کا اجلاس چیئرمین عامر ولی الدین کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں کمیٹی نے کل سے فارمولا دودھ کے تمام اشتہارات پر پابندی عائد کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے پیمرا سے آئندہ اجلاس میں عملدرآمد رپورٹ طلب کر لی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کمیٹی عامر ولی الدین نے کہا کہ انہیں بخوبی علم ہے کہ فارمولا دودھ کے معاملے پر پیمرا اور وزارتِ صحت سمیت متعلقہ اداروں پر دباؤ ہے، تاہم یہ چند مفاد پرست کاروباری افراد کا ایشو ہے۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ وزیرِ صحت کا تعلق ان کی اپنی جماعت سے ہے، اس کے باوجود وہ تمام تر پریشر برداشت کریں گے کیونکہ انہیں کمیٹی اراکین اور عوام کو جواب دینا ہے۔
چیئرمین کمیٹی نے سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اختیار میں ہے کہ وہ قانون شکن کو ہتھکڑیاں لگوا دیں، اور جو بھی ملک کی آنے والی نسل سے کھیلے گا اس مافیا کو ہرگز نہیں چھوڑا جائے گا۔
FOLLOW US ON ARY TUBE
اجلاس کے دوران چیئرپرسن پیمرا عنبرین جان نے کمیٹی کو فارمولا دودھ کے اشتہارات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ معاملہ عدالت میں بھی زیرِ سماعت ہے، تاہم گزشتہ سماعت پر وزارتِ صحت کا نمائندہ پیش نہیں ہوا۔
عنبرین جان نے وضاحت کی کہ پیمرا نے فارمولا دودھ سے متعلق وزارتِ صحت کا ارسال کردہ اشتہار چلوا دیا تھا، اور پیمرا اس حوالے سے پارلیمنٹ کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائے گی۔
Source: پاکستان



