یورپی یونین نے ایرانی پاسداران انقلاب کو ’دہشت گرد تنظیم‘ قرار دے دیا۔
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کاجا کالاس نے اعلان کیا ہے کہ یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے ایران کے پاسدارانِ انقلاب دہشت گرد تنظیوں کی فہرست میں شامل کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔
دوسری جانب ایران کی مسلح افواج نے یورپی یونین کے اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے اسے ’غیر منطقی، غیر ذمہ دارانہ اور بدنیتی پر مبنی‘ قرار دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدام ’امریکا اور صہیونی حکومت کی بالادست اور غیر انسانی پالیسیوں کی اندھی تقلید‘ کے تحت کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پاسداران انقلاب ایران کی مسلح افواج کا ایک اہم حصہ ہے جسے 1979 کے ایرانی انقلاب کے بعد قائم کیا گیا تھا۔ یہ باقاعدہ فوج کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے اور براہِ راست ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو جواب دہ ہے۔
پاسداران انقلاب ایران کے دفاع، بیرونی آپریشنز اور خطے میں اثر و رسوخ میں مرکزی کردار ادا کرتی ہے۔ تقریباً ایک لاکھ 90 ہزار فعال (اور ریزرو سمیت 6 لاکھ سے زائد) اہلکاروں پر مشتمل یہ فورس ایران کے بیلسٹک میزائل اور جوہری پروگراموں کی نگرانی کرتی ہے اور مشرقِ وسطیٰ میں مختلف اتحادی گروہوں کی حمایت کرتی ہے۔
امریکا نے 2019 میں پاسداران انقلاب کو غیر ملکی ’دہشت گرد تنظیم‘ قرار دیا تھا۔


























Leave a Reply