کراچی کے علاقے طارق روڈ پر تیز رفتار گاڑی نے رکشے میں بیٹھی بچی کو کچل دیا جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے طارق روڈ اللہ والی چورنگی کے پاس رکشہ گلی میں کھڑا تھا اس دوران تیز رفتار گاڑی نے اسے ٹکڑ ماری۔
رکشے میں سوار تین افراد نے چھلانگ لگا کر جان بچائی لیکن 9 سالہ بچی جنت زندگی کی بازی ہار گئی۔ بچی کے والد نے کہا کہ ڈرائیور نشے میں لگ رہا تھا، میرے ساتھ ظلم ہوا ہے انصاف فراہم کیا جائے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیور کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
یہ پڑھیں: کراچی : شارع فیصل میٹروپول کے قریب تیز رفتار کار کی موٹر سائیکل کو روندنے کی ویڈیو سامنے آگئی
واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے شارع فیصل پر میٹروپول کے قریب تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس نے خاتون کا ڈرامہ بے نقاب کر دیا۔
پولیس نے بتایا تھا کہ ابتدائی طور پر کار میں سوار خاتون نے خود گاڑی چلانے کا دعویٰ کیا تھا تاہم فوٹیج سے ثابت ہوا کہ کار دراصل نوجوان چلا رہا تھا اور خاتون نے پولیس کو گمراہ کر کے ملزم کو موقع سے فرار کروایا۔
افسوسناک حادثے میں موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
