Preloader

لاہور : پنجاب حکومت نے شہریوں کے لیے جاری ایک پیغام میں ترغیب دی ہے کہ کچن کا کچرا پھینکنے کے بجائے اسے کمپوسٹ کریں اور انعام حاصل کریں۔

عالمی یومِ صفائی کے موقع پر جاری کیے گئے پیغام میں شہریوں کو گھریلو کچن کے فضلے کو کارآمد بنانے اور ماحول کو صاف رکھنے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب گرین کریڈٹ پروگرام کے تحت فضلے کو کمپوسٹ میں تبدیل کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔

شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ کچن سے نکلنے والے پھلوں، سبزیوں اور انڈوں کے چھلکوں کے ساتھ دیگر نامیاتی فضلے کو عام کچرے میں شامل کرنے کے بجائے اس سے کمپوسٹ تیار کریں۔

حکومت پنجاب کے پیغام میں کہا گیا ہے کہ ورلڈ کلین اپ ڈے کے موقع پر کچن کے کچرے کو پھینکنے کے بجائے اس کا کمپوسٹ بنائیں، جس کے نتیجے میں تین گرین کریڈٹس حاصل کریں، 3 گرین کریڈٹس کا مطلب 30ہزار روپے ہے۔

پروگرام کے تحت گھر میں کچن ویسٹ کو مناسب طریقے سے جمع کرکے کمپوسٹ بنانے کو ماحول دوست اقدام قرار دیا گیا ہے۔

اس عمل کے ذریعے نہ صرف گھریلو کچرے کی مقدار کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے بلکہ تیار ہونے والی کمپوسٹ کو پودوں اور باغبانی کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

پنجاب حکومت کے اس گرین کریڈٹ پروگرام کا مقصد شہریوں کو ماحول دوست سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دینا ہے۔

پروگرام کے پیغام میں ’کچن ویسٹ، کمپوسٹ اور گرینر پنجاب‘ کے تصور کو اجاگر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ روزمرہ زندگی میں چھوٹے چھوٹے ماحول دوست اقدامات بھی صاف ستھرے معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

شہریوں کو پیغام دیا گیا ہے کہ کچرا کم کریں، گھر میں کمپوسٹ تیار کریں اور صاف ستھری کمیونٹیز کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں، گرین کریڈٹ پروگرام کے تحت ماحول دوست اقدامات کرنے والے شہریوں کو گرین کریڈٹ حاصل کرنے کی ترغیب بھی دی گئی ہے۔

پنجاب حکومت نے اس حوالے سے شہریوں کو گرین کریڈٹ پروگرام میں حصہ لینے اور ماحول دوست سرگرمیوں کو فروغ دینے کی دعوت دی ہے۔

CM PUNJAB GREEN GREENCREDIT CREDIT PROGRAM

کچن کے کچرے سے کھاد بنانے کا آسان طریقہ

گھر کے کچن کے کچرے کو پھینکنے کے بجائے اسے بہترین نامیاتی کھاد (کمپوسٹ) بنانے کے لیے گملے یا ڈرم میں تہہ در تہہ جمع کریں۔

گھر میں کوئی پرانی بالٹی، ڈرم یا زمین میں چھوٹا سا گڑھا کریں، برتن کے نیچے پانی نکلنے کے لیے متعدد چھوٹے چھوٹے سے سوراخ ہوں۔

تہہ بندی کیلیے سب سے پہلے نیچے سوکھے پتے یا بھوسا (براؤن میٹریل) رکھیں، پھر اوپر سبزیوں اور پھلوں کے چھلکے (گرین میٹریل) کی تہہ لگائیں۔ ہر تہہ پر مٹھی بھر باغ کی مٹی چھڑکیں اور ہلکا سا پانی کا چھڑکاؤ کریں تاکہ نمی برقرار رہے۔

ہر 5 سے 7 دن بعد کچرے کو اوپر نیچے (مکس) کرتے رہیں تاکہ آکسیجن ملتی رہے۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ اس میں گوشت، ہڈیوں، دودھ یا تیل والا کچرا شامل نہ ہو کیونکہ اس سے بدبو پھیلتی ہے، یہ بہترین قدرتی کھاد تقریباً 2 سے 3 ماہ میں بالکل تیار ہوجاتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *