کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی نئی فرنچائز حیدرآباد کے مالک فواد سرور نے ٹورنامنٹ کے 11ویں ایڈیشن سے قبل ٹیم کے نام اور لوگو کے اجرا کے حوالے سے تفصیلات شیئر کر دی ہیں۔
پی ایس ایل کا 11واں ایڈیشن 26 مارچ سے 3 مئی تک شیڈول ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں حیدرآباد ٹیم کے مالک فواد سرور نے تصدیق کی کہ ٹیم کا نام اور لوگو پہلے ہی فائنل کیے جا چکے ہیں جبکہ ان کی باضابطہ لانچنگ 11 فروری کو ہونے والے پی ایس ایل پلیئر آکشن کے آس پاس کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم لانچ کے لیے ایک بڑا ایونٹ پلان کر رہے ہیں۔
قیادت کسی کھلاڑی کو سینیئرٹی یا شہرت کی بنیاد پر خود بخود نہیں دی جائے گی: مالک حیدرآباد ٹیم
ٹیم کے کپتان کے انتخاب سے متعلق سوال پر فواد سرور نے واضح کیا کہ قیادت کسی کھلاڑی کو سینیئرٹی یا شہرت کی بنیاد پر خود بخود نہیں دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی کھلاڑی، چاہے وہ پاکستانی ہو یا غیر ملکی، صرف بڑا نام یا سینیئر ہونے کی بنیاد پر کپتانی کا حق دار نہیں ۔ ہمارا اپنا سلیکشن پروسیس ہے اور مکمل مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔ کپتان کوئی بھی ہو سکتا ہے، اصل چیز اچھی قیادت ہے۔ جو بھی اس معیار پر پورا اترے گا، اسے یہ ذمہ داری دی جائے گی۔
فواد سرور نے سابق پاکستانی کپتان بابر اعظم کے لیے بھی اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنا پسندیدہ کرکٹر قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر موقع ملا تو وہ بابر اعظم کو اپنی ٹیم میں شامل کرنا چاہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یقیناً ہر ٹیم انہیں حاصل کرنا چاہے گی۔ فی الحال ہم نے کسی اور کھلاڑی کے بارے میں نہیں سوچا۔ جب ہمیں معلوم ہو جائے گا کہ کن کھلاڑیوں کو ان کی موجودہ فرنچائزز نے برقرار رکھا ہے، تب ہم فیصلے کریں گے۔
حیدرآباد فرنچائز نے بدھ کو اعلان کیا کہ سابق آسٹریلوی کرکٹر جیسن گلیسپی حیدرآباد کے ہیڈ کوچ ہوں گے، جبکہ گرانٹ بریڈبرن اور کریگ وائٹ کو اسسٹنٹ کوچز مقرر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن میں ٹیموں کی تعداد بڑھا کر8 کر دی گئی ہے، جن میں حیدرآباد اور سیالکوٹ نئی فرنچائزز کے طور پر شامل ہیں۔ حیدرآباد نے 1.75 ارب روپے کی بولی دے کر فرنچائز حاصل کی تھی۔


























Leave a Reply