اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان نے 2035 تک چاند پر اترنے کا بڑا ہدف مقرر کرلیا ہے اور چاند پر روور بھیجنے کے لیے بھی پُرامید ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان نے 2035 تک چاند پر اترنے کا بڑا ہدف مقرر کیا ہے اور آئندہ قمری مشن میں چاند پر روور بھیجنے کے لیے بھی پُرامید ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ کی بلندیوں سے آگے بڑھ کر اب خلا تک پہنچ چکی ہے اور پاکستان چین کے انسان بردار خلائی مشن کا پہلا بین الاقوامی شراکت دار بن گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستانی خلانورد ذیشان علی چینی خلائی اسٹیشن کے پہلے بین الاقوامی مہمان بننے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں، جو ملک کے لیے باعثِ فخر ہے۔
خلائی ٹیکنالوجی کے میدان میں پیش رفت پر روشنی ڈالتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ 2 سال کے دوران تقریباً 5 سیٹلائٹس خلا میں بھیجے ہیں۔
FOLLOW US ON ARY TUBE
ان کا کہنا تھا کہ جدید سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے قدرتی آفات کی پیشگی اطلاع اور امدادی نظام کو مزید مؤثر اور تیز تر بنایا جا سکتا ہے۔
تعلیمی اور معاشی اہداف کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاک چین مجوزہ نالج کوریڈور کے تحت آئندہ 10 برسوں میں 10 ہزار پی ایچ ڈی اسکالرز کی تربیت کا ہدف رکھا گیا ہے۔
مزید برآں، “اڑان پاکستان” وژن کے تحت 2035 تک ایک ٹریلین ڈالر اور 2047 تک 3 ٹریلین ڈالر کی معیشت حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
Source: پاکستان



