مچھلی کا تیل سب سے زیادہ استعمال ہونے والا غذائی سپلیمنٹ ہے۔
مچھلی کے تیل میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے اور یہ فیٹی ایسڈز صحت کے لیے بہت اہم سمجھے جاتے ہیں۔
اب اس کے روزانہ استعمال کا ایک بہترین فائدہ سامنے آیا ہے۔
اس سے ڈپریشن اور انزائٹی جیسے عام ترین ذہنی امراض سے محفوظ رہنے میں مدد ملتی ہے۔
جرنل نیوٹریشن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ جن افراد کے جسموں میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، ان میں ڈپریشن یا انزائٹی سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
اس تحقیق میں یہ دیکھا گیا تھا کہ اومیگا تھری فیٹی ایسڈز سے ذہنی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں اور کیا مچھلی کے گوشت یا مچھلی کے تیل کے کیپسولز ڈپریشن اور انزائٹی سے تحفظ میں مددگار ثابت ہوتے ہیں یا نہیں۔
اس مقصد کے لیے 2 لاکھ 58 ہزار اور 4 لاکھ 68 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔
2 لاکھ 58 ہزار فراد کے خون کے نمونوں کے تجزیہ کیا گیا جبکہ 4 لاکھ 68 ہزار افراد ایسے تھے جو مچھلی کے تیل کے کیپسولز کا استعمال کرتے تھے۔
تحقیق میں دریافت ہوا کہ جن افراد کے خون میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کی سطح زیادہ ہوتی ہے، ان میں ڈپریشن سے متاثر ہونے کا خطرہ 15 سے 33 فیصد جبکہ انزائٹی کا خطرہ 19 سے 22 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔
محققین یہ تو بتانے سے قاصر ہیں کہ آخر مچھلی کے تیل سے یہ فائدہ کیوں ہوتا ہے، مگر ان کے خیال میں اس سے خون کے صحت مند بہاؤ میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ دماغ میں مزاج سے جڑے مرکبات متحرک ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں 75 فیصد افراد مناسب مقدار میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کو جسم کا حصہ نہیں بناتے۔
واضح رہے کہ ڈپریشن ایک ایسا مرض ہے جس سے موجودہ عہد میں ہر عمر کے افراد متاثر ہو رہے ہیں۔
ڈپریشن کے شکار افراد کو دماغی اور جسمانی دونوں طرح کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔


























Leave a Reply