
غزہ: امریکی صدرکے داماد جیرڈ کشنر نے کہا ہے کہ غزہ کا منظر ایسا ہے جیسے یہاں ایٹم بم گرا ہو۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد نے حال ہی میں اسرائیلی فوج کے ہمراہ غزہ کا دورہ کیا جس کے بعد جیرڈ کشنر نے امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے غزہ کے لوگوں کے حالات سے متعلق گفتگو کی۔
انٹرویو کے دوران جب میزبان نے جیرڈ کشنر سے پوچھا کہ آپ نے غزہ میں کیا دیکھا توکشنر نے جواب دیا کہ غزہ کا منظر ایسا ہے جیسے یہاں ایٹم بم گرا ہو۔
جیرڈ کشنر نے کہا کہ میں نے اسرائیلی فوج سے پوچھا تباہ شدہ غزہ میں فلسطینی کدھرجارہے ہیں؟ تو اسرائیلی فوج نے بتایا کہ فلسطینی اپنے ٹوٹے ہوئے گھروں کی جانب جارہے ہیں جب کہ بہت سے لوگ تباہ شدہ ملبے پر ٹینٹ لگا رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ کے داماد نے مزید کہا کہ یہ سب بہت افسوس ناک ہے، ان کے پاس رہنے کو کوئی جگہ نہیں ہے۔
اس دوران امریکی نیوز اینکر نے سوال پوچھا کہ کیا یہ نسل کشی نہیں ہے؟ اس پر جیرڈ کشنر نے کہا کہ نہیں یہ نسل کشی نہیں ہے لیکن بچوں کا قتل عام ہوا ہے۔
اس موقع پر انٹرویو میں موجود امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے بھی اسرائیل کی جانب سے قتل عام کو نسل کشی کہنے سے انکار کیا۔
Leave a Reply