فٹبال ورلڈکپ ایسا ایونٹ ہے جس میں اپنی پسندیدہ ٹیم کو لائیو ایکشن میں دیکھنے کے لیے دیوانے مداح سب کچھ کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔
ایسا ہی کچھ گزشتہ دنوں ڈیلاس میں جاپان اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلے گئے میچ کے موقع پر دیکھنے میں آیا۔
امریکا کی ایک یونیورسٹی میں زیرتعلیم جاپانی طالبعلم نے اپنی قومی ٹیم کا میچ دیکھنے کے لیے 1200 میل تک سائیکل پر سفر کیا۔
22 سالہ یوٹو نامی طالبعلم ریاست پنسلوانیا کی پٹسبرگ یونیورسٹی میں زیرتعلیم ہیں۔
جاپانی ٹیم کا پہلا میچ ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں ہوا اور یوٹو اپنی قومی ٹیم کو کھیلتے ہوئے دیکھا چاہتے تھے۔
تو ہوائی پرواز یا دیگر ٹرانسپورٹ کی بجائے یوٹو نے امریکا کی متعدد ریاستوں کے درمیان سائیکل پر سفر کرنے کو ترجیح دی تاکہ میچ کے ساتھ ساتھ یہ سفر بھی یادگار بن جائے۔
انہوں نے اس مہم کا آغاز مئی کے وسط میں کیا۔
جاپان کی ٹیم کو امریکی سرزمین پر کھیلتے ہوئے دیکھنے کے لیے انہوں نے ایک سائیکل کے ساتھ سفر کے لیے درکار ضروری اشیا کو خریدا۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ہماری ٹیم اس سال چیمپئن بننے جا رہی ہے’۔
پنسلوانیا سے شمالی ٹیکساس کے درمیان کئی ہفتوں کے اس سفر کے دوران یوٹو متعدد امریکی ریاستوں سے گزرے اور یہ سفر آسان نہیں تھا۔
اس دوران انہیں متعدد چیلنجز کا سامنا ہوا، جیسے سائیکل کا ٹائر ہی 6 بار پنکچر ہوا۔
ہر شام وہ سوشل میڈیا پر اپنے دوستوں کو اپنے سفر سے اپ ڈیٹ کرتے جبکہ نئے علاقوں کی تصاویر اور تجربات کو شیئر کرتے۔
ہر علاقے میں لوگوں نے ان کی بہترین میزبانی کی اور متعدد برادریوں کے بارے میں کافی کچھ معلوم ہوا۔
یوٹو کے بقول ہم سب اپنے خوابوں کو حقیقت کا روپ دے سکتے ہیں اور توقع ہے کہ ان کی کہانی دیگر نوجوانوں کو متاثر کرسکے گی اور وہ چیلنجز کا سامنا کرکے زندگی میں اپنے خوابوں کو حقیقت بنا سکیں گے۔


























Leave a Reply