سعد رضوی کے نام پر95 بینک اکاونٹ، مسروقہ و غیر مسروقہ جائیداد سیل کردی گئی: عظمیٰ بخاری


سعد رضوی کے نام پر95 بینک اکاونٹ، مسروقہ و غیر مسروقہ جائیداد سیل کردی گئی: عظمیٰ بخاری

حکومت نے 330 مساجد کا انتظام سنبھال لیا ہے ، تمام مساجد کھلی ہیں اور نماز کیلئے استعمال ہو رہی ہیں، بابا جی کی قبر کہیں منتقل نہیں کر رہے ، یہ ہماری پالیسی نہیں: وزیراطلاعات پنجاب— فوٹو:فائل

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سعد رضوی کے نام پر95 بینک اکاونٹ، مسروقہ و غیر مسروقہ جائیداد سیل کردی گئی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہناتھاکہ کوئی مسجد کسی طور پر مسمار نہیں کی جا رہی، شیطانی و خرافاتی آئیڈیاز ٹی ایل پی کے ذہن میں آتے ہیں، مساجد و مدارس کا نظم و نسق محکمہ اوقاف کے زیر انتظام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی فرقہ، جماعت یا گروہ کے خلاف ایکشن نہیں، دہشت گرد سوچ کے خلاف ایکشن ہے، ٹی ایل پی کی مساجد حکومتی تحویل میں لی جا چکی ہیں اور 223 مدارس کی جیو ٹیگنگ کرلی گئی ہے، ٹی ایل پی کے 6 مدارس حکومتی زمین پر بنائے گئے جس کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ سعد رضوی اور ان کے بھائی کو ٹریس کیا جارہا ہے بہت جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے، خود بھاگے ہوئے ہیں، لوگوں سے کہتے ہیں باہر نکل آئیں اور آگ لگائیں،  وفاقی حکومت کو پنجاب کابینہ کا فیصلہ بھجوا دیا ہے اور امید ہے ایک دو روز میں ٹی ایل پی پر پابندی لگ جائے گی۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ملک میں پریشر گروپ بنیں، تمام حملوں کی باقاعدہ فوٹیجز موجود ہیں، شاہدرہ میں بھی پولیس اہلکار پر تشدد کی ویڈیو موجود ہے، سیاستدانوں اور صحافیوں کو دھمکی دینے کیلئے آرگنائزڈ سیل بنایا گیا، قبر کا استعمال کر کے چندہ اکھٹا کرنے اور اشتعال انگیزی کی اجازت نہیں دیں گے، بابا جی کی قبر کہیں منتقل نہیں کر رہے ، یہ ہماری پالیسی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے 330 مساجد کا انتظام سنبھال لیا ہے ، تمام مساجد کھلی ہیں اور نماز کیلئے استعمال ہو رہی ہیں، اس مذہبی جماعت کے مدرسے بھی جلد کھول دیے جائیں گے، اہلسنت و الجماعت کے علما کو ان مدارس کا کنٹرول دیا جائے گا، حکومت اس مذہبی جماعت کے خلاف عدالتی کارروائی کو یقینی بنائے گی۔

وزیراطلاعات پنجاب کا کہنا تھاکہ والدین بچوں کو ٹی ایل پی کی سرگرمیوں سے بچائیں ورنہ ان پر دہشت گردی کے مقدمہ ہوں گے، جو بچہ ایسی سرگرمی میں ملوث ہوگا اسے کہیں داخلہ ملے گا نہ ویزہ، نہ ہی ملک میں کوئی سہولت نہیں ملے گی، قانون ہاتھ میں لینے والوں کیخلاف دہشت گردی کے مقدمہ ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعد رضوی کے نام پر95 بینک اکاونٹ، مسروقہ و غیر مسروقہ جائیداد سیل کردی گئی، رضوی برادران کو پناہ دینے والوں سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں،  مالی طور یا کسی بھی طرح ان کو سپورٹ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ اس مذہبی جماعت کی لیڈرشپ کے خلاف کریک ڈاون چل رہا ہے ، تحریک انصاف کے بیرون ملک بیٹھے افراد اس واقعے پر تیل ڈال رہے ہیں، تحریک فساد اور یہ دہشت گرد گروپ ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *