ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص ہیں اور چند بڑی کمپنیوں کو چلاتے ہیں۔
مگر دنیا کے پہلے ٹریلین ائیر یا کھرب پتی (ایک ہزار ارب ڈالرز سے زائد کے مالک) ایلون مسک کے مطابق ان کے دن کا آغاز اتنا پرتعیش نہیں ہوتا جتنا بیشتر افراد خیال کرتے ہیں۔
ایک پوڈ کاسٹ میں بات کرتے ہوئے ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے اپنے دن کے آغاز کے بارے میں بتایا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ دن کا آغاز بہت سادہ ناشتے سے کرتے ہیں۔
ایلون مسک نے بتایا کہ وہ پروٹین سے بھرپور ناشتے کو ترجیح دیتے ہیں۔
اس کے لیے انڈوں اور اسٹیک کو ناشتے میں شامل کیا جاتا ہے کیونکہ ایلون مسک کا ماننا ہے کہ دن بھر جسمانی توانائی کو برقرار رکھنے کے لیے پروٹین سے دن کا آغاز ضروری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ‘میں ناشتے میں ڈبل روٹی کھانا پسند نہیں کرتا لیکن انڈے اور اسٹیک ضرور کھاتا ہوں، اس سے جسمانی توانائی میں اضافہ ہوتا ہے’۔
ایلون مسک نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ماننا ہے کہ کاربوہائیڈریٹس سے توانائی کی سطح میں فوری اضافہ تو ہوتا ہے مگر دن گزرنے کے ساتھ اس میں تیزی سے کمی بھی آتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم سب کاربوہائیڈریٹس کا بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں، جس سے جسمانی توانائی میں بہت تیزی سے اضافہ اور کمی آتی ہے’۔
طبی ماہرین کے مطابق پروٹین کا استعمال مسلز کو مستحکم رکھنے اور مجموعی صحت کو بہتر رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انڈے متعدد غذائی اجزا سے بھرپور ہوتے ہیں، پروٹین کے ساتھ ساتھ وٹامنز جیسے وٹامن بی 12 اور وٹامن ڈی جبکہ منرلز سلینیم اور آئیوڈین سے بھی لیس ہوتے ہیں۔
اس کے علاوہ انڈوں میں کولین نامی جز بھی ہوتا ہے جو دماغی افعال کو سپورٹ کرتا ہے، جیسے یادداشت، دماغی کارکردگی اور اعصابی نظام کو اس سے فائدہ ہوتا ہے۔
پروٹین سے بھرپور ناشتے کے استعمال سے کھانے کی اشتہا کو کنٹرول میں رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ پروٹین سے بھرپور ناشتے سے لوگوں کے اندر پیٹ بھرنے کا احساس دیر تک برقرار رہتا ہے اور بے وقت بھوک لگنے کا امکان کم ہوتا ہے۔























Leave a Reply