کراچی: آل پاکستان انجمن تاجران نے لاک ڈاؤن کی تجویز کو مسترد کردیا ہے۔
آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کسی صورت قابل قبول نہیں، تاجر برادری پہلے ہی انتہائی مشکلات کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے تاجر سڑکوں پر آئیں تو دیر نہیں لگے گی۔
اجمل بلوچ نے کہا کہ ڈنڈے کے زور پر لاک ڈاؤن کی کوشش کی تو مزاحمت کریں گے، مفت پیٹرول، بجلی، گیس کی پریکٹس ختم کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت لاک ڈاؤن کی تجویز ترک کرے ورنہ احتجاج کی تاریخ کا اعلان کردیں گے۔
یہ پڑھیں: ورک فرام ہوم پالیسی ! حکومت کا اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے پر غور
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں ایندھن اور سرکار کے سفری اخراجات میں بچت کے لیے مختلف اہم تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت سرکاری و نجی دفاتر میں ہفتے میں 4 دن کام اور 3 دن (جمعہ، ہفتہ اور اتوار) تعطیلات کی تجویز دی گئی ہے تاکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی نقل و حمل میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔
مزید پڑھیں: اسمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جانے کی کوئی بات نہیں ہوئی، مصدق ملک
یاد رہے کہ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و سینیٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ فی الحال اسمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جانے کی کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کفایت شعاری کے مزید اقدامات کرے گی، حکومت اپنے اخراجات جس حد تک کم کرسکتی ہے کم کرے گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ریسٹورنٹس اور شادی ہالز مقررہ وقت پر بند ہورہے ہیں، انرجی پالیسی کے خدوخال ابھی فائنلائز ہو رہے ہیں ، پالیسی فائنل ہوتے ہی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔
