بھکر میں شوہر سے علیحدگی کے لیے سگی ماں نے مبینہ طور پر ایک ماہ کی بچی کو قتل کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بھکر کی تحصیل دریا خان میں ایک ماہ کی بچی کے قتل کی واردات کا ڈراپ سین ہوگیا، سگی ماں ہی بچی کی قاتلہ نکلی ہے۔
ڈی پی او کا بتانا ہے کہ ایک ہفتہ قبل سنہری مسجد کے قریب گھر میں مبینہ ڈکیتی کی اطلاع ملی، اہلخانہ نے ابتدائی بیان میں کہا کہ نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر خاتون کی آنکھوں میں لال مرچیں ڈالیں۔
یہ پڑھیں: کراچی: ایف سی ایریا میں فائرنگ سے 3 سالہ بچی قتل
اہلخانہ نے بیان میں کہا کہ مبینہ ملزمان گھر سے نقدی لے گئے اور نکاح نامہ بھی پھاڑ دیا، ملزمان نے ایک ماہ کی بچی کو پانی کے ڈرم میں پھینک دیا جس سے موت واقع ہوئی۔
ڈی پی او نے کہا کہ واقعے کے حالات مشکوک ہونے پر پولیس نے میاں اور بیوی کو حراست میں لیا، تفتیش کے دوران ملزمہ نے مبینہ طور پر اعتراف جرم کرلیا۔
ڈی پی او شہزاد رفیق کے مطابق ملزمہ شوہر سے علیحدگی چاہتی تھی اس لیے مبینہ ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا اور نکاح نامہ بھی خود پھاڑا، وہ بچی کو راہ میں رکاوٹ سمجھتی تھی اس لیے قتل کیا۔
