اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر سی ڈی اے نے تجاوزات کے خلاف نوٹس چسپاں کر دیا۔
نوٹس میں سیکیورٹی گارڈز کیبن اور جنریٹر سی ڈی اے کی اراضی پر قائم قرار دیا گیا ہے جب کہ رہائش گاہ کے اندر بنے اضافی کچن کو بھی بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی بتایا گیا ہے۔
سی ڈی اے نے اضافی تعمیر ختم کرنے کےلیے 15 روز کی مہلت دے دی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تجاوزات 15 روز میں ختم کی جائیں ورنہ سی ڈی اے خود ایکشن لے گا۔ سی ڈی اے نے امان اللہ ولد محمد یونس کو عمارت کے مالک کے طور پر نوٹس جاری کیا ہے۔ اسلام آباد میں امان اللہ نامی شہری کے گھر میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش ہے۔
واضح رہے کہ سی ڈی اے نے 18مارچ 2019 کو بھی اسی رہائش گاہ پر تجاوزات ہٹانے کی ہدایت کی تھی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سی ڈی اے کے مختلف مدارس کو بھی غیرقانونی تعمیرات اور بے ضابطگیوں پر نوٹسزجاری کیے گئے ہیں۔ مدارس انتظامیہ کو درستی کیلئے 15روز کی مہلت اور عدم تعمیل پر کارروائی کا انتباہ دیا گیا ہے۔
