اسلام آباد: اپوزیشن نے انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شرکت کا عندیہ دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے وفد نے علامہ راجہ ناصر عباس سےملاقات کرکے شمولیت کی دعوت دی تھی جس پر محمود اچکزئی اورعلامہ راجہ ناصر عباس نے پی ٹی آئی کی قیادت سے مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا ہے۔
ذرائع پیپلزپارٹی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن چند دن میں پیپلزپارٹی کی درخواست کا جواب دے گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے لیے حکومت اور اپوزیشن کو برابر کی نمائندگی دی جائے جمہوریت کے دعویداروں کی دہری پالیسی ختم ہونی چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے پارٹی کو تمام پارلیمانی کمیٹیوں میں واپس جانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ کمیٹیوں میں رہ کر حکومت کو ٹف ٹائم دیا جا سکتا ہے۔
علاوہ ازیں قومی اسمبلی نےانتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دے دی ہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ کمیٹی کے ارکان کےناموں کو حتمی شکل دینےکا عمل باقی ہے، اسپیکر جلد انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔
پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ انتخابی عمل پر اٹھنے والے سوالات پارلیمان کی ساکھ کو متاثر کرتے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کے اعتماد کا حامل انتخابی نظام وضع کرنا ہمارا مقصد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں انتخابی اصلاحات کمیٹی میں اپنی تجاویز پیش کریں۔
