اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاک، چین دوستی اسپتال کی افتتاحی تقریب میں بڑا اعلان کردیا۔
اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، چین دوستی اسپتال میں مریضوں کو مکمل مفت علاج فراہم کیا جائے گا اور اسپتال کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ چین نے کورونا کے دوران پاکستان کو یہ اسپتال تحفے میں دیا تھا، کورونا کے بعد اسپتال کی بندش انتہائی افسوسناک اور مجرمانہ غفلت تھی۔
شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو بہتر علاج کی سہولت فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، اسپتال میں اسلام آباد سمیت ملک بھر سے آنے والے مریضوں کا مفت علاج ہوگا۔
FOLLOW US ON ARY TUBE
وزیراعظم نے کہا کہ صحت کے شعبے میں عوام کی خدمت سے بڑھ کر کوئی قومی خدمت نہیں، صحت کے شعبے میں اپنی ذات سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کرنے والوں کو ہمیشہ دعائیں ملتی رہیں گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انڈس اسپتال غیر منافع بخش بنیادوں پر طبی خدمات فراہم کررہا ہے، انڈس اسپتال انتظامیہ نے سالانہ اخراجات اور سرمایہ کاری میں مناسب رعایت دی ہے۔
