Preloader

تحریک انصاف نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات 2026 لڑنے کا فیصلہ کر لیا۔

صدر پی ٹی آئی اسلام عامر مغل کی زیرصدارت اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ 400 عہدیداران سے مشاورت کے بعد 95 فیصد کی رائے سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ریجنل، ضلعی، ٹاؤن اور یونین کونسل تنظیموں سمیت تمام ونگز کے عہدیداران سے آن لائن مشاورت مکمل کی گئی ہے اور 2 نومبر سے 6 نومبر تک ہر یونین کونسل کے ہر وارڈ میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اجلاس میں بانی کے نظریے اور رہائی تحریک میں صف اول پر رہنے والے کارکنوں کو آگے لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار کارکنان کو بلدیاتی انتخابات میں امیدوار بنایا جائے گا،  حکومت اور الیکشن کمیشن چار مرتبہ شیڈول جاری کرنے کے بعد انتخابات سے بھاگ چکے ہیں، حکومت اور الیکشن کمیشن کو پانچویں مرتبہ بھی میدان سے بھاگنے پر مجبور کریں گے۔

پارٹی کا کہنا ہے کہ ناقص بلدیاتی ایکٹ کے باوجود انتخابات میں حکومت کو شکست دیں گے، موجودہ بلدیاتی ایکٹ کے تحت نمائندوں کے پاس گلی محلوں کی صفائی کا اختیار بھی نہیں، بلدیاتی نمائندوں کے اصل اختیارات کرپٹ بیوروکریسی کے پاس ہیں، چیئرمین اور وائس چیئرمین کا براہ راست انتخاب ختم کرنا دھاندلی کا پیش خیمہ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *