کپتان صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کے خلاف سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی جیت لیا۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 183 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا جس میں کپتان نے 89 رنز کی کپتانی باری کھیلی جب کہ معاذ صداقت نے 29 گیندوں پر 50 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
فخرزمان نے 21، حسن نواز نے ایک، شاداب خان صفر اور صائم ایوب نے 8 رنز بنائے جب کہ خواجہ نافع نے چھکا لگا کر میچ کا اختتام کیا۔ وہ 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور ان کے ساتھ محمد عمران صفر پر ناٹ آؤٹ لوٹے۔
اس سے قبل سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مہمان ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 18 رنز پر اس کی دو وکٹیں گر گئیں جس کے بعد تیسری وکٹ پر 60 رنز کی شراکت داری نے اننگز کو سنبھالا۔
ایک جانب وکٹیں گرتی رہیں تو دوسری جانب اوپنر اودارا جمے رہے جنہوں نے پاکستانی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور 91 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم وہ سنچری بنانے سے محروم رہے۔
سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے جس میں اوپنر لاہیرو اودارا 55 گیندوں پر 91 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ کمندو مینڈس نے 23 اور داسن شناکا نے 15رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے 3 اور عمران رندھاوا نے 2 وکٹیں حاصل کیں، رضااللہ، صائم ایوب اور شاداب خان کی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس کے موقع پر سری لنکن کپتان کوشال مینڈس نے کہا کہ پچ دیکھنے میں بہت اچھی لگ رہی ہے پاورپلے میں اچھا اسکور بنانا اہم ہو گا، کوشش کریں گے پاور پلےکا بھرپور فائدہ اٹھائیں ہمارے چنداہم کھلاڑی انجرڈ ہیں لیکن نئے کھلاڑی بھی اچھے ہیں۔
کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ہم پہلے فیلڈنگ ہی کرنا چاہتے تھے، رضااللہ اور عمران رندھاوا ڈیبیو کر رہے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20 میچوں کی سیزیز کا دوسرا میچ 11 اور تیسرا میچ 13 اکتوبر کو اسی میدان پر ہوگا۔
گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پاکستانی ٹی 20 ٹیم کے کپتان صاحبزادہ فرحان اور سری لنکن کپتان کوشال مینڈس نے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ٹی20 سیریز کے لیے کمنٹری پینل کا بھی اعلان کر دیا ہے۔
پینل میں سابق کپتان سلمان بٹ، سابق کرکٹرز عروج ممتاز، عامر سہیل اور بازید خان شامل ہیں۔ زینب عباس سیریز کے دوران پریزنٹر کے فرائض انجام دیں گی۔
ٹی 20 سیریز کے بعد سہ فریقی ون ڈے سیریز کھیلی جائے گی، جس کی تیسری ٹیم انگلینڈ ہوگی۔
