چین کے جدید لڑاکا طیارے جے-10 سی نے سنگاپور ائیر شو میں شاندار فضائی مظاہرہ پیش کیا۔
چینی میڈیاکے مطابق یہ مظاہرہ ایک ایسے وقت میں ہوا جب چین جنوب مشرقی ایشیا میں اسلحے کی فروخت بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔
چین کا 4.5 جنریشن لڑاکا طیارہ جے-10 سی عالمی سطح پر اس وقت نمایاں ہوا جب گزشتہ سال مئی میں پاک فضائیہ نے اس طیارے کو بھارت کے زیر استعمال فرانسیسی ساختہ رافیل لڑاکا طیارے کو مار گرانے کے لیے استعمال کیا تھا۔
سنگاپور میں ہونے والے ائیر شو میں چینی فضائیہ کی ایروبیٹکس ٹیم کے 6 جے 10 سی طیاروں نے مشترکہ فضائی مظاہرہ پیش کیا جبکہ دو طیاروں نے انفرادی طور پر ایروبیٹک کرتب دکھائے۔
جے-10 سی ایک سنگل انجن، ملٹی رول جنگی طیارہ ہے جسے چین کی چینگدو ائیرکرافٹ کارپوریشن نے تیار کیا ہے۔
یہ طیارہ جدید انجن اور ایکٹیو الیکٹرانکلی اسکینڈ ایریے ریڈار سے لیس ہے جبکہ اس میں پی ایل-10 اور پی ایل-15 ائیر ٹو ائیر میزائل نصب کیے جاسکتے ہیں۔
چینی میڈیا کے مطابق پاکستان اس وقت چین کے علاوہ واحد ملک ہے جو جے-10 سی طیارے استعمال کر رہا ہے اور پاکستان کے پاس اس طیارے کے 36 برآمدی ماڈلز کے ساتھ تقریباً 250 پی ایل-15 میزائل موجود ہیں۔
گزشتہ سال مئی میں بھارت کے ساتھ چار روزہ سرحدی جنگ کے دوران پاکستان نے ان طیاروں کی مددسے متعدد بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے تھے جن میں فرانسیسی ساختہ رافیل طیارے بھی شامل تھے۔
چینی میڈیا کے مطابق یہ چینی لڑاکا طیارے کی فضائی لڑائی میں پہلی تصدیق شدہ کامیابی اور فرانسیسی رافیل طیارے کا فضائی لڑائی میں پہلا نقصان تھا۔


























Leave a Reply