انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے بھارت میں کھیلنے سے انکار پر بنگلادیش کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے نکالنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کی بھی ایونٹ میں شرکت پر تاحال سوالیہ نشان موجود ہے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان تو ہو گیا لیکن کیا پاکستان ورلڈ کپ کھیلے گا ؟اس پر مشاورت کے لیے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی آج وزیراعظم شہبازشریف سے اہم ملاقات متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شریک ہونے یانہ ہونے سے متعلق امور پرگفتگو ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے سے متعلق وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے بھی مشاورت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ مشاورت ہورہی ہے، حکومت کردار ادا کرے گی ،جو فیصلہ ہوگا آگاہ کردیاجائے گا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کا کہنا ہےکہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کا مؤقف اصولوں پر مبنی ہے، آئی سی سی کے دوہرے معیار کو مسترد کرتے ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سیاست زدہ کرکٹ کسی کے مفاد میں نہیں، سب کو کرکٹ کے اصولوں پر چلنا چاہیے، ہمارے کھلاڑی با صلاحیت اور ہر لحاظ سے مقابلہ کرنا جانتے ہیں، کسی بھی میدان میں کامیابی ٹیم ورک سے حاصل ہوتی ہے۔
اس سے قبل چیئرمین محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی سے زیادہ حکومت پاکستان کے تابع ہیں اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت سے متعلق فیصلہ حکومت پاکستان کرے گی۔
یاد رہے کہ چند روز پہلے بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز کھیلنے کے لیے بھارت جانے سے انکار کیا۔ بنگلادیش بورڈ کا مؤقف تھا کہ سکیورٹی خدشات پر اُس کے میچز سری لنکا منتقل کیئے جائیں۔
تاہم آئی سی سی نے بنگلا دیش بورڈ کا مؤقف مسترد کرتے ہوئے بنگلا دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو میگا ایونٹ میں شامل کر لیا۔
گزشتہ دنوں ذرائع سے یہ خبر سامنے آٗئی تھی کہ بنگلا دیش کے ورلڈ کپ میں شرکت سے انکار کی صورت میں پاکستان کے بھی بائیکاٹ کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا آغاز 7 فروری سے ہونا ہے،ایونٹ میں پاکستان کے میچز سری لنکا میں شیڈولڈ ہیں۔


























Leave a Reply