قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ بابراعظم کی خراب پرفارمنس میں ہم سب کا بھی قصور ہے، ہم نے سپورٹ کے بجائے ڈی گریڈ کیا۔
اظہر علی نے جیو پوڈ کاسٹ میں شرکت کی اور اپنے کیرئیر اور ذاتی زندگی سے متعلق کھل کر بات کی۔
قومی کرکٹر بابر اعظم کے حوالے سے اظہر علی کا کہنا تھاکہ بابر ابھی کافی بہتر نظر آرہا ہے، ہر کھلاڑی آؤٹ آف فارم ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2023 کے ورلڈ کپ میں اس پر تنقید ہوئی دوستی یاری پھر ایجنٹ ایجنسی والا معاملہ سامنے آیا اور کپتانی سے استعفیٰ دیا، پھر واپس ٹیم میں آتا ہے اور ایک بار پھر کپتانی لیتا ہے اتنا کچھ ہونے کے بعد جو تنقید برداشت کرنا پڑی کہیں نا کہیں وہ بہت دباؤ میں تھے۔
ان کا کہنا تھاکہ جس طرح مصباح اور یونس خان ذہنی طور پر مضبوط تھے، محسوس ہوتا ہے بابر اس طرح نہیں تھے اور اس کا اثر ان کی پرفارمنس میں تھا لیکن ابھی وہ کرکٹ کو انجوائے کر رہے ہیں جس کی وجہ سے پرفارمنسز آنا شروع ہوئی ہیں۔
اظہر علی نے کہا کہ اس میں ہم سب کا قصور ہے کیونکہ ایک ہمارا ٹاپ کا کھلاڑی ہے، ہم نے اس کی سپورٹ کے بجائے اس کو ڈی گریڈ کیا اور دباؤ میں ڈال دیا۔
ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کافی ٹورنامنٹس آئے جس میں ایک بڑے پلیئر سے امید رکھتے ہیں لیکن اس کی کپتانی کا ریکارڈ دیکھیں اتنا برا بھی نہیں ایک ٹی ٹوئنٹی کا سیمی فائنل اور فائنل کھیلا، اس کے ریکارڈز میں ایشیا کپ کا فائنل بھی شامل ہے لیکن ہم نے بابر کو ہی تنقید کا نشانہ بنایا۔
اظہر علی کا کہنا تھاکہ بابر اعظم کو یہ کہہ دیا کہ بی اور سی ٹیموں کے خلاف رنز کرتا ہے، ہم مسلسل اس پر یہ تنقید کررہے ہیں دنیا کو اس کو تسلیم کر رہی ہے لیکن ہم نہیں مان رہے، ہمیں اپنے اسٹارز کو ویلیو دینا اچھا نہیں لگتا۔


























Leave a Reply