پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ مبینہ فراڈ کی خبر سامنے آنے کے بعد کھلاڑیوں کی انویسٹمنٹ کرنے والی کمپنی کے مالک کا ردعمل سامنے آگیا۔
قومی کرکٹرز کی انویسٹمنٹ کرنے والی کمپنی کے مالک نے جیو سے رابطہ کرتےہوئے بتایا ہے کہ کھلاڑیوں کی 2023 سے میرے ساتھ انویسٹمنٹ ہے، میرا کھلاڑیوں کے ساتھ مکمل تحریری معاہدہ موجودہ ہے۔
کمپنی مالک کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑیوں کے پاس میری کمپنی کے گارنٹی چیک بھی موجود ہیں، فراڈ جیسے الزامات کی تردید کرتا ہوں۔
کمپنی مالک نے بتایا کہ میں کبھی امریکا نہیں گیا اور نہ ہی میرے پاس امریکی ویزا ہے، میں دبئی میں موجود ہوں اور تما م کھلاڑیو ں سے رابطے میں ہوں،میری کمپنی دبئی بیسڈ ہے اور ہم ٹریڈنگ کا کام کرتے ہیں، پہلی مرتبہ ادائیگیاں تاخیر کا شکار ہوئیں، چند دن میں ادائیگیاں کلیئر کردی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ میں پاکستانی ہوں اور پاکستان میں میری فیملی موجود ہے، کھلاڑیوں کے علاوہ میرے پاس مزید انویسٹرز موجود ہیں، ہم باقاعدگی سے ادائیگیاں کرتے ہیں۔
ذرائع سے خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستانی کرکٹرز کو منافع کی لالچ میں چونا لگ گیا اورجعلساز نے کروڑوں ہڑپ لیے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان کےسابق اور موجودہ کرکٹرز کےساتھ مبینہ فراڈ ہوا ہے، کرکٹرز نے مبینہ فراڈ کی کسی پلیٹ فارم پرباضابطہ شکایت درج نہیں کرائی، کھلاڑیوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ سےبھی مسئلہ حل کرانےکے لیے رابطہ نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق کرکٹرز نےسابق کپتان کی دیکھا دیکھی میں کاروباری شخص کے ساتھ سرمایہ کاری کی، موجودہ کرکٹرز میں سابق اور موجودہ کپتانوں کےنام بھی شامل ہیں، بعض کرکٹرز نے براہ راست بھی کاروباری شخص کےساتھ سرمایہ کاری کی،کرکٹرز نےاپنےکروڑوں روپےغیر معمولی منافع کےچکرمیں مبینہ طور پردے دیے۔
فراڈ سے متعلق خبروں پر پاکستانی کھلاڑیوں کا مؤقف
پاکستان کےسابق اور موجودہ کرکٹرز کےساتھ مبینہ فراڈ کی خبروں پر کھلاڑیوں نے اپنا مؤقف دیتے ہوئے بتایا کہ ہم نے کمپنی میں انویسٹمنٹ کی تھی، ہمارے ساتھ کوئی فراڈ نہیں ہوا۔
کھلاڑیوں نے مؤقف اختیار کیا کہ کمپنی ہم سے رابطے میں ہے، مارچ تک تمام پیمنٹ کلیئر کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے، صرف 2 چیک باؤنس ہوئے ہیں۔
کھلاڑیوں نے کہا کہ اس سلسلے میں چیئرمین کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے بھی رابطہ کیا ہے، کھلاڑیوں نے محسن نقوی سے کہا کہ ابھی تک کوئی مسئلہ نہیں ہے اور اگر کچھ ہوا تو بتادیں گے۔


























Leave a Reply