اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو ‘بزدار ٹو’قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ ضرورت وزیراعلیٰ نہیں سوچ بدلنےکی ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سےگفتگو میں طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بدلنے سے دہشت گردی کے خلاف جنگ نہیں رکےگی، خیبر پختونخوا نے خود تو بلٹ پروف گاڑیاں خریدی نہیں، وفاق نے دی تو کہتے ہیں پرانی ہیں، یہ گاڑیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے دی گئیں ،افسوس ہے اس پر سیاست کی گئی۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ خیبرپختنونخوا پولیس کےلیے جدید گاڑیاں فراہم کی تھیں، بلٹ پروف گاڑیاں پولیس کے اعلیٰ افسران استعمال کرتے ہیں، گاڑیاں عالمی معیار کے مطابق ہیں،ایک گاڑی کی قیمت 10 کروڑ روپے ہے،گاڑیوں میں بلٹ اور بم پروف کے تمام لوازمات پورے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر خیبر پختونخوا پولیس کےلیے گاڑیاں دی گئیں، وفاقی حکومت نے مالی مشکلات کے باوجود خیبر پختونخوا پولیس کےلیےگاڑیاں فراہم کیں۔
وزیر مملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے نئے وزیر اعلیٰ کی سوچ بچگانہ ہے، وہ بانی پی ٹی آئی کو خوش کرنےکے لیے ڈرامےکر رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ نیشنل ایکشن پروگرام ہے، چاہےکتنے وزیراعلیٰ بدل دیں نیشنل ایکشن پروگرام جاری رہےگا۔
طلال چوہدری نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو تحریک انصاف کے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے تشبیہ دیتے ہوئےکہا کہ خیبرپختونخوا میں سہیل بزدار کو دانستہ لگایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ اس پولیس کے ساتھ کیسے کھڑا ہوگا جنہیں اس نے ہتھیار تک نہ دیے، خیبر پختونخوا پولیس کو جو ملنا چاہیے تھا اس سے بھی انہیں محروم کیا گیا، بلٹ پروف میں خود بیٹھ کر سہیل آفریدی نہتی پولیس کو جنگ میں دھکیل دے گا، یہ ریاستی فیصلہ ہےکہ پاکستان میں انتہا پسندانہ سوچ نہیں ہونی چاہیے۔


























Leave a Reply