
لاہور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے ملک و قوم کے دشمن دہشت گردوں کے خلاف انٹیلیجنس بنیادوں پر آپریشن ناگزیر ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی جس میں پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، صوبے کے مختلف اضلاع میں فتنۃ الخوارج کے خلاف جاری آپریشنز اور پاک افغان موجودہ صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں دونوں شخصیات نے خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کے قیام کیلئے فتنۃ الہندوستان کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، ملاقات میں پولیس ٹریننگ سینٹر و نادرا آفس ڈی آئی خان پر حملوں کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
محسن نقوی اور فیصل کریم کنڈی کی ملاقات میں پولیس ٹریننگ سینٹر اور نادرا آفس ڈی آئی خان کی متاثرہ عمارت کی ازسر نو بحالی پر گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا خیبر پختونخوا کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہادری سے دہشت گردی کے ناسور کا مقابلہ کیا ہے، فتنۃ الہندوستان کے دہشت گرد پاکستان کی یکجہتی اور امن کے دشمن ہیں، درندہ صفت عناصر کے خلاف آپریشنز جاری رہیں گے، پاکستان کی سرزمین سے فتنہ الہندوستان کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا وفاقی حکومت صوبہ میں امن و امان اور انسداد دہشت گردی کیلئے بھرپور ممکن تعاون فراہم کررہی ہے، بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہوں گے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا صوبے کے عوام امن کے داعی ہیں، خیبرپختونخوا کی ترقی و خوشحالی کے لیے قیام امن ناگزیر ہے، ملک و قوم کے دشمن دہشت گردوں کیخلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز ناگزیر ہیں۔
Leave a Reply