
پشاور ہائیکورٹ نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو کل نو منتخب وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لینے کا حکم دے دیا۔
پشاور ہائیکورٹ نے نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینے سے متعلق درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا نو منتخب وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سے بدھ کے دن 4 بجے حلف لیں۔ اگرگورنر نےحلف نہیں لیا تو اسی دن اسپیکر نومنتخب وزیر اعلیٰ سے حلف لیں۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی سربراہی میں نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی جس دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ گورنر سرکاری دورے پر گئے ہے وہ کل 2 بجے واپس آئیں گے۔
اس پر چیف جسٹس نے پوچھا کہ گورنر نے حلف کے بارے میں کیا کہا؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ گورنر نے استعفے کی منظوری کے لیے علی امین گنڈاپور کو بلایا ہے۔
عدالت نے سوال کیا کہ آپ یہ بتائیں کہ گورنر نے رضامندی ظاہر کی ہے حلف برداری کے لیے یانہیں؟ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ گورنر کو آنے دیں، وہ فیصلہ کریں گے، گورنر نے عامر جاوید کو دلائل کے لیے نامزد کیا ہے۔
عامر جاوید ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ گورنر کے لیے انتظار کریں ،کل تک وہ آجائیں تو سب ہو جائے گا، نئے وزیر اعلیٰ آنے تک پرانا وزیر اعلیٰ دفتر چلائے گا۔
اس پر عدالت نے کہا کہ وہ تو تب ہوگا جب الیکشن نہیں ہوگا، یہاں تو الیکشن ہوا ہے، دیگر جماعتوں نے بھی وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
Leave a Reply