پی ایس ایل 11 میں پلیئرز آکشن 11 فروری کو ہوگا، ٹاپ کیٹیگری میں آکشن کی بیس پرائس 4 کروڑ 20 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔
قذافی سٹیڈیم میں ایچ بی ایل پی ایس ایل آکشن ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے خصوصی شرکت کی۔
ورکشاپ میں فرنچائز نمائندوں سمیت پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں، پی ایس ایل منیجمنٹ اورپی سی بی آفیشلز نے بھی شرکت کی۔
ورکشاپ میں کھلاڑیوں کو فرنچائزز میں برقرار رکھنے کی تعداد کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت ہوئی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر نے آکشن ورکشاپ کے خدوخال کے بارے بریف کیا۔ ورکشاپ کے دوران پلیئرز کے آکشن پراسیس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں پلیئرز آکشن 11 فروری کو ہوگا، ٹاپ کیٹیگری میں آکشن کی بیس پرائس 4 کروڑ 20 لاکھ روپے رکھی گئی ہے، دیگر بیس پرائس میں دو کروڑ 20 لاکھ، ایک کروڑ دس لاکھ اور 60 لاکھ شامل ہے۔
پلیئرز آکشن پاکستانی روپے میں ہوگی، آکشن میں ایک کروڑ دس لاکھ سے کم کی بولی میں کم از کم ڈھائی لاکھ کا اضافہ ہوگا، دو کروڑ بیس لاکھ سے کم بیس پرائس میں 5 لاکھ، چار کروڑ بیس لاکھ سے کم والی بولی میں دس لاکھ، چار کروڑ بیس لاکھ سے اوپر کی بولی میں 15 لاکھ کا اضافہ کیا جائےگا۔
اسکواڈ کم سے کم 16 اور زیادہ سے زیادہ 20 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا، ایک اسکواڈ میں زیادہ سے زیادہ 5 سے 7 غیر ملکی کھلاڑی ہوں گے، فرنچائز کے لیے ضروری ہےکہ پلیئنگ الیون میں کم از کم تین اور زیادہ سے چار غیر ملکی کھلاڑی کھلائیں، ہر فرنچائز ان کیپڈ دو انڈر 23 کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں اور ایک کو پلیئنگ الیون میں لازمی رکھےگی۔
پی ایس ایل 11 میں پک یا ری ٹین ہونے والے کھلاڑی کا فرنچائز کے ساتھ دو سال کا معاہدہ ہوگا، پی ایس ایل 12 کے بعد گرینڈ آکشن منعقد کیا جائےگا۔


























Leave a Reply