پاکستان نے اقوام متحدہ میں بحرین اور روس کی جانب سےپیش کردہ قراردادوں کی حمایت کی ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نےکہا ہے کہ پاکستان نے ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کی بھی مذمت کی، یو اے ای پر ایرانی حملوں سے 2 پاکستانی جاں بحق ہوئے، ایران پر حملوں نے عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
سلامتی کونسل سے خطاب میں عاصم افتخار نے امید ظاہر کی کہ خلیجی ممالک کی سرزمین پر حملے فوری طور پر بند ہوں گے اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے حقوق اور آزادیوں کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ان ممالک کو جنگ کے بدترین نتائج کا سامنا نہیں کرنا چاہیے تھا۔ پاکستان ان کی حکومتوں اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان روسی فیڈریشن کی جانب سے پیش مسودہ قرارداد کو بھی مثبت نظر سے دیکھتا ہے، جو اقوام متحدہ کے منشور کے دائرۂ کار میں رہتے ہوئے مرتب کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ روسی قرارداد کا بنیادی مقصد فریقین پر زور دینا ہے کہ وہ فوجی سرگرمیاں فوری طور پر بند کریں، مزید کشیدگی سےگریز کریں اور مذاکرات کی میز پر واپس آئیں۔ یہ مؤقف پاکستان کے مجموعی مؤقف کے عین مطابق ہے۔
یار ہے کہ سلامتی کونسل میں ایران کی پڑوسی ممالک پر حملوں کیخلاف قرارداد منظور کرلی گئی جس میں ایران سے خلیجی ریاستوں پر حملے روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔
سلامتی کونسل میں روس کی جانب سے پیش کردہ جنگ بندی کی قرار داد منظور نہ ہوسکی، قرارداد کے حق میں 4 اور مخالفت میں 2 ووٹ ڈالے گئے جبکہ9 ارکان غیرحاضر رہے۔


























Leave a Reply