کراچی: سانحہ گل پلازہ میں لاپتا افراد کے رشتے داروں سے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے خون کے نمونے لینے کا سلسلہ جاری ہے۔
کراچی کے سول اسپتال میں لاپتا افراد کے رشتے داروں سے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے خون کے نمونے لیے جارہے ہیں، خون کے نمونوں کی مدد سے لاش کی شناخت کی جائے گی۔
دوسری جانب سول اسپتال میں مردہ خانے کے باہر انفارمیشن ڈیسک بنائی گئی ہے جہاں پر لاپتا افراد کے بارے میں معلومات لی جارہی ہیں جب کہ لاپتا شخص کی جسامت، کپڑوں، پیدائشی نشانی کے بارے میں معلومات لی جارہی ہیں۔
عامر حسن پراجیکٹ ہیڈ (شناخت) سی پی ایل سی نے جیونیوز کو بتایا کہ لاشوں کا پوسٹ مارٹم پراسس چل رہا ہے اور جو لوگ اپنے سیمپل جمع کروارہے ہیں ان کے سیمپل بھی لیب بھیج رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 3 سے 4 صفحات پر مشتمل سوالات کے ذریعے متاثرہ شخص کی اہلخانہ سے معلومات لی جاتی ہیں، متاثرہ شخص کا ڈیٹا پوسٹ مارٹم کے ساتھ کراس میچ کیا جاتا ہے اور ڈی این اے کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد کسی نتیجے پر پہنچا جاسکتا ہے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ طارق کے مطابق اب تک 20 لاشوں کے ڈی این اے لیے گئے ہیں اور 48 خاندان نے اپنے ڈی این اے سیمپل بھی جمع کرادیے ہیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ نمونے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے سندھ فارنزک لیب بھیجے جارہے ہیں اور اگلے 3 دنوں تک کراس میچنگ جاری رہے گی۔


























Leave a Reply