کراچی میں سانحہ گل پلازہ کے 9 ویں روز بھی ریسکیو آپریشن جاری رہا اور جاں بحق افراد کی تعداد 73 ہوگئی۔
سانحہ گل پلازہ کو 9 روز گزر گئے، عمارت کی سرچنگ اور ریسکیو کا عمل تاحال جاری ہے، جبکہ مختلف اداروں کی ٹیمیں ریسکیو اور سرچ آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو کے مطابق سرچ آپریشن تقریباً مکمل ہوچکا ہے اور کل عمارت کوسیل کردیاجائےگا، 82 لاپتا افراد تھے، ابھی بھی کسی کاکوئی پیارا لاپتاہے تو رابطہ کرسکتا ہے، 13لاپتا افراد ایسےتھےجن کے ورثا نے ڈی این اے نہیں دیا۔
ان کا کہنا تھاکہ 73جاں بحق افراد میں سے 23 کی شناخت ہوئی ہے۔
جامعہ کراچی کی ڈی این اے لیب اب تک 16 افراد کی ڈی این اے رپورٹ جاری کرچکی ہے تاہم مجموعی طور پر سانحے میں جاں بحق 23 افراد کو شناخت کیا جاچکا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق آپریشن ٹیم کو ملبے تلے دبے مزید دو افراد کی انسانی باقیات بھی ملی ہیں جنہیں ڈی این اے کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
این ای ڈی یونیورسٹی کی تحقیقاتی ٹیم نے بھی پلازہ کے مختلف مقامات کا جائزہ لیا، اربن سرچنگ آپریشن ٹیم نے سرچنگ مکمل ہونے والے مقامات پر مارکنگ کی جبکہ پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی کے 8 رکنی وفد نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو کا کہنا ہے بڑا واقعہ ہے مقدمہ درج کیا جاچکا ہے جبکہ ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق مقدمہ درج ہونےکےبعد بیانات لینےکاسلسلہ جاری ہے۔
لاپتہ افراد کے اہلخانہ پریشانی کا شکار ہیں کوئی بیٹے تو کوئی بھتیجے تو کوئی بھائی کی اطلاع کا منتظر ہے، مختلف جامعات کی طالبات نے بھی گل پلازہ پہنچ کر ورثا کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔


























Leave a Reply