’خواب دیکھتے رہو‘، ٹرمپ کے ایرانی جوہری تنصیبات تباہ کرنے کے بیان پر آیت اللہ خامنہ ای کا ردعمل


’خواب دیکھتے رہو‘، ٹرمپ کے ایرانی جوہری تنصیبات تباہ کرنے کے بیان پر آیت اللہ خامنہ ای کا ردعمل

فوٹو: رائٹرز

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مذاکرات کی بحالی کی پیشکش کو مسترد کردیا۔ 

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے ٹرمپ کے اس دعوے کی بھی تردید کی کہ امریکا نے ایران کی جوہری صلاحیتوں کو تباہ کر دیا ہے۔

ٹرمپ کی جانب سے ایرانی ایٹمی تنصیبات کو تباہ کرنے کے بیان پر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ’امریکی صدر فخر سے کہتے ہیں کہ انہوں نے ایران کی جوہری صلاحیتوں کو تباہ کر دیا۔ بہت خوب، خواب دیکھتے رہو‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ کیا یہ امریکا کا اختیار ہے کہ وہ طے کرے کہ ایران کے پاس جوہری تنصیبات ہوں یا نہ ہوں؟

آیت اللہ خامنہ ای نے مزید کہا کہ ’ٹرمپ خود کو معاہدہ کرنے والا شخص کہتے ہیں، لیکن اگر کوئی معاہدہ دباؤ، دھمکی اور پہلے سے طے شدہ نتائج کے ساتھ ہو تو وہ معاہدہ نہیں بلکہ مسلط کردہ جبر ہے‘۔

گزشتہ ہفتے صدر ٹرمپ نے اسرائیلی پارلیمان (کنیسٹ) میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا کے لیے یہ اچھی بات ہوگی اگر وہ ایران کے ساتھ ایک امن معاہدے پر مذاکرات کرسکے۔

یاد رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان 5 مرحلوں پر مشتمل بالواسطہ جوہری مذاکرات  جون میں 12 روزہ جنگ کے بعد ختم ہوگئے تھے۔ اس جنگ کے دوران  امریکا اور اسرائیل نے ایران کی متعدد جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *