اگر آپ جو کا دلیہ کھانا پسند کرتے ہیں تو یہ عادت دل کی صحت کے لیے بہت زیادہ مفید ثابت ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ جو کا دلیہ اکثر ناشتے میں کھایا جاتا ہے اور اب دریافت ہوا ہے کہ اس کے استعمال سے نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔
سوئٹزر لینڈ کی بون یونیورسٹی کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ محض 2 دن تک اس دلیے کا استعمال نقٓصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں نمایاں کمی لاتا ہے۔
ایل ڈی ایل کولیسٹرول ایسا چربیلا مواد ہوتا ہے جو شریانوں میں جمع ہو جاتا ہے اور شریانوں کو تنگ کرتا ہے۔
اس سے خون کی روانی محدود ہوتی ہے اور ہارٹ اٹیک یا فالج کا خطرہ بڑھتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ محض 2 دن تک جو کا دلیہ کھانے سے ایل ڈی ایل کولیسٹرول کی سطح میں 10 فیصد تک کمی آتی ہے اور یہ اثر کم از کم 6 ہفتوں تک برقرار رہتا ہے۔
اس تحقیق میں بالغ افراد کے 2 گروپس کو شامل کیا گیا جو میٹابولک سینڈروم کے شکار تھے۔
اس عارضے میں اضافی جسمانی وزن، ہائی بلڈ پریشر، ہائی بلڈ کولیسٹرول، ہائی بلڈ شوگر اور دیگر مسائل کا سامنا ہوتا ہے، جن سے امراض قلب اور ذیابیطس کا خطرہ بڑھتا ہے۔
ایک گروپ کو 2 دن تک غذا کے طور پر صرف جو کا دلیہ استعمال کرایا گیا اور پھر 6 ہفتوں تک دیگر غذاؤں کے ساتھ دلیہ استعمال کرایا گیا، جبکہ دوسرے گروپ کو معمول کی غذا استعمال کرائی گئی۔
جب دونوں گروپس کے ڈیٹا کا موازنہ کیا گیا تو دریافت ہوا کہ 2 دن تک روزانہ 300 گرام دلیہ کھانے والے افرد کے بلڈ کولیسٹرول کی سطح میں 10 فیصد تک کمی آئی ہے۔
ان افراد میں کولیسٹرول کی سطح 6 ہفتوں کم رہی، جب تک وہ مکمل طور پر معمول کی غذا کی جانب لوٹ نہیں گئے۔
محققین نے دریافت کیا کہ دلیہ معدے میں موجود بیکٹیریا میں ایسی تبدییاں لاتا ہے جو بلڈ کولیسٹرول کی سطح میں کمی لاتے ہیں۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل نیچر کمیونیکیشنز میں شائع ہوئے۔


























Leave a Reply