تصور کریں کہ آپ کسی ائیرپورٹ میں پرواز پر سوار ہونے کے منتظر ہوں اور صحیح وقت پر پہنچ گئے ہوں مگر پھر بھی طیارہ آپ کو بھول کر پرواز کر جائے تو پھر؟
یقین کرنا مشکل ہوگا مگر برطانیہ میں ایسا انوکھا واقعہ سامنے ایا ہے جہاں جیٹ 2 کمپنی کی پرواز ایک یا 2 نہیں 35 سے زائد مسافروں کو بھول کر روانہ ہوگئی۔
فلائٹ ایل ایس 879 مانچسٹر سے اسپین کے لیے روانہ ہوئی تھی۔
مگر اسپین کے ساحلی علاقوں میں تعطیلات منانے کے خواہشمند مسافروں کو اس جھٹکا لگا جب انہوں نے عملے کو بورڈنگ پاسز دکھائے اور طیارے کی جانب روانہ ہوئے تو وہ غلط جگہ پر مڑ گئے۔
وہ جہاں پہنچے وہاں طیارے کی بجائے ڈیڈ اینڈ تھا۔
اس کے نتیجے میں 35 سے زائد مسافر ائیرپورٹ میں 40 منٹ تک بھٹکتے رہے تاکہ درست جگہ تلاش کرسکیں۔
ان میں سے ایک مسافر کے مطابق ہم ائیرپورٹ وقت پر پہنچیں اور پھر بورڈنگ پاس لے کر طیارے کی جانب روانہ ہوئے اور کسی بند جگہ پر پہنچ گئے۔
مسافر کا کہنا تھا کہ ہم سمجھ رہے تھے کہ عملے کا کوئی فرد دروازہ کھولے گا یا کوئی شٹل سروس ان کی منتظر ہوگی۔
مگر 40 منٹ تک کچھ نہیں ہوا تو وہ پریشان ہوگئے اور احساس ہونے لگا کہ ہم پنجرے میں قید جانور ہیں۔
پھر وہ واپس لوٹے تو اس وقت تک طیارہ انہیں لیے بغیر روانہ ہو چکا تھا۔
انہیں بتایا گیا کہ طیارہ تو روانہ ہوگیا اور سب مسافر دنگ رہ گئے کیونکہ طیارے کے عملے نے بورڈنگ پاسز کے مطابق مسافروں کو گننے کی زحمت نہیں کی تھی۔
مسافروں کا کہنا تھا کہ یہ مضحکہ خیز ہے کہ 36 بورڈنگ پاسز والے مسافر نہیں پہنچے اور پھر بھی طیارہ روانہ ہوگیا۔
کمپنی کے مطابق وہ اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے جبکہ مسافروں کو دیگر طیاروں کے ذریعے منزل تک پہنچایا گیا۔


























Leave a Reply