انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کو بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کی تصدیق کے لیے دی گئی 24 گھنٹے کی مہلت ختم ہو چکی ہے، جس کے بعد اب کسی متبادل ٹیم کو مدعو کیے جانے کا امکان بڑھ گیا ہے۔
گزشتہ روز بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلنے کیلئے اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کے فیصلے کو تبدیل نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
مشیر کھیل بنگلادیش ڈاکٹر آصف نذرل نے کھلاڑیوں کے ساتھ ملاقات کے بعد اعلان کیا کہ بنگلا دیش ٹیم ورلڈکپ کے لیے بھارت نہیں جائے گی۔
آصف نذرل نے کہا کہ ہم اپنے مؤقف پر قائم ہیں، بھارت میں ہمیں سکیورٹی خطرات کا سامنا ہے، آئی سی سی نے ہمارے تحفظات کو تسلیم نہیں کیا، بھارتی حکومت نے ہمیں قائل کرنے کی کوئی سنجیدہ کوشش تک نہیں کی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، بی سی بی مقررہ وقت کے اندر آئی سی سی کو اپنی پوزیشن سے آگاہ کرنے میں ناکام رہا۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق اس معاملے آئی سی سی کی جانب سے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو کہا گیا کہ حکومت کو بتادیں اگر ٹیم بھارت نہیں بھیجیں گے تو بنگلادیش کی جگہ نئی ٹیم شامل کی جائے گی۔
بنگلادیش کے شرکت نہ کرنے پر کونسی ٹیم ٹی 20 ورلڈکپ میں شامل ہوگی؟
اس معاملے پر بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اگر بنگلا دیش باضابطہ طور پر ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوتا ہے تو موجودہ رینکنگ کی بنیاد پر اسکاٹ لینڈ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شامل کیے جانے امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق دبئی میں موجود آئی سی سی حکام، جو بنگلادیش سے باضابطہ وضاحت کے منتظر تھے، کسی بھی وقت اسکاٹ لینڈ کی شمولیت کا اعلان کر سکتے ہیں۔


























Leave a Reply