100 سال سے زائد عمر کا چینی جوڑا انٹرنیٹ پر وائرل ہوا ہے کیونکہ ان دونوں کی تاریخ پیدائش اور سال ایک ہے۔
اس جوڑے نے اپنی لمبی زندگی کا سادہ راز بھی بتایا ہے۔
چینی صوبے Zhejiang کے علاقے Xiaoshan سے تعلق رکھنے والے یوان گوان جن اور ان کی اہلیہ یان ہیزن کی عمر 102 سال ہے۔
ان کی تصاویر وائرل ہوئی تھیں جو کسی گھریلو تقریب کے موقع پر تھیں اور ان کے پیچھے بچے اور بچوں کے بچے موجود تھے۔
ان دونوں کی پیدائش 26 مارچ 1924 کو ہوئی تھی۔
1950 میں یوان یان سے ملے تھے، وہ اس وقت کاشتکاری کرتے تھے اور زیادہ پڑھے لکھے نہیں تھے۔
یان کا تعلق یوان کے پڑوسی گاؤں سے تھا اور وہ امیر کاشتکار خاندان سے تعلق رکھتی تھیں اور ان کی خوبصورتی کے چرچے پھیلے ہوئے تھے۔
شادی کے بعد اس جوڑے کا ہاں 5 بچوں کی پیدائش ہوئی اور ان کا سب سے بڑا بیٹا اب 74 سال کا ہے جبکہ سب سے چھوٹی بیٹی 59 سال کی ہے۔
ان کے 2 پوتے یا نواسے اور 3 پوتیاں یا نواسیاں ہیں، جن میں سب سے بڑے کی عمر 17 سال ہے۔
اگرچہ جوڑے کے روزمرہ کے معمولات مختلف ہیں مگر وہ ہم آہنگی سے زندگی گزارتے ہیں اور 70 سال سے زائد عرصے سے ایک ساتھ ہیں۔
یوان صبح 8 بجے اٹھ کر مقامی مارکیٹ جاتے ہیں اور وہاں دوستوں کے ساتھ تاش کھیلتے ہیں۔
اس کے مقابلے میں یان کی زندگی کافی خاموش ہے وہ صبح 6 بجے اٹھ کر گھر کو صاف کرتی ہیں۔
یوان کو میٹھا کھانا پسند ہے اور کھانے میں سبزیوں کو ترجیح دیتے ہیں جبکہ یان کو میٹھا ناپسند ہے اور گوشت کھانا پسند ہے۔
ان کے سب سے بڑے بیٹے کا ماننا ہے کہ ماں باپ کی لمبی عمر کا راز ان کے رویوں میں چھپا ہوا ہے۔
بیٹے کے مطابق وہ دیگر افراد کے معاملات میں دخل نہیں دیتے بلکہ ہمیشہ اپنی زندگی پر توجہ مرکوز کرتے ہیں۔


























Leave a Reply