افغان طالبان کے ساتھ بات کی ہے ٹی ٹی پی کے ساتھ نہیں، ان کے ساتھ کوئی بات نہیں ہوگی: خواجہ آصف


افغان طالبان کے ساتھ بات کی ہے ٹی ٹی پی کے ساتھ نہیں، ان کے ساتھ کوئی بات نہیں ہوگی: خواجہ آصف

فوٹو: فائل

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ  قطر میں مذاکرات تحریک طالبان افغانستان سے ہوئے۔ 

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)  سے مذاکرات کی بات کرتے ہیں، جو پاکستان کے بچوں کے قاتل ہیں ان سے بات چیت نہ کی ہے نہ آئندہ کریں گے۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ قطر میں پاک افغان سمجھوتے پر عملدرآمد کیسے ہو گا اس پر استنبول مذاکرات میں بات ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک افغان مذاکرات کے ماحول میں تلخی نہیں تھی، قطر اور ترکیے کے حکام نے مذاکراتی عمل کو قابل اعتبار بنایا، ان کا افغان طالبان پراچھا خاصا اثر ورسوخ ہے، اگرمعاہدے کی خلاف ورزی ہوئی تو برادر ممالک کو کہا جائے گا۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ مکینزم کے تحت معاہدے پرعمل درآمد ہوگا، ہوسکتا ہے ترکیے میں مذاکرات 25 سے 27 اکتوبرتک جاری رہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ٹی ٹی پی کی قیادت افغانستان میں ہے جس کے شواہد موجود ہیں، افغان سرزمین پر دہشت گرد شہری آبادی میں گھل مل کر رہتےہیں، ثبوت ہیں کہ دہشت گردوں کو افغانستان کے اندرسے احکامات ملتے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ایک صفحے پر 4 پیراگراف پر مشتمل مختصر معاہدہ ہے، کل افغان طالبان یہ نہ کہیں کہ فلاں شہر والے نہیں مان رہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان اور افغانستان کے درمیان قطر و ترکیے کی ثالثی میں جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا۔ دونوں ممالک نے آئندہ چند دنوں میں ترکیے میں مزید مذاکرات کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان امن اور استحکام کے لیے مستقل مکینزم بنانے پر بھی اتفاق کیا۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *