اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تعصب کے خاتمے کی ضرورت ہے۔
اسلاموفوبیا کے تدارک کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ اسلام امن، ہمدردی اور انصاف کا دین ہے، اسلام کو انتہا پسندی سے جوڑنا لاعلمی کی عکاسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری نفرت انگیز جرائم کے خلاف قانونی تحفظ مضبوط بنائے، اظہارِ رائے کی آزادی نفرت پھیلانے کےلیے استعمال نہیں ہونی چاہیے، مذہبی تنوع کے احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا ضروری ہے، دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تعصب کے خاتمے کی ضرورت ہے۔
صدر پاکستان کا کہنا تھا کرائسٹ چرچ سانحہ انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑنے والا واقعہ تھا، پاکستان اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی فورمز پر مسلسل آواز اٹھاتا رہا ہے، بیرون ملک پاکستانی، معاشروں کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، مسلمانوں کے خلاف تعصب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے تحفظ کو متاثر کرتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق اور مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے آزاد نیشنل کمیشن قائم کیا جا رہا ہے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا عالمی برادری تعصب کے خاتمے اور مکالمے کے فروغ کے لیے مل کر کام کرے، مذہبی عقائد کا احترام اور مساوی قانونی تحفظ عالمی ذمہ داری ہے۔






















Leave a Reply