لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ میں ماں بیٹی کے سیوریج لائن میں گر کر جاں بحق ہونے کے مقدمے میں مدعیوں نے گرفتار 5 ملزمان کو معاف کردیا۔
ضلع کچہری لاہور میں کیس کی سماعت کے دوران مدعیوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم ملزمان کے خلاف مزید کارروائی نہیں کرنا چاہتے، ملزمان کو اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے معاف کردیا۔
مدعیوں نے کہا کہ ملزمان کو بری یا مقدمے سے ڈسچارج کرنے پر کوئی اعتراض نہیں جس کے بعد عدالت نے ملزمان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
یاد رہے کہ لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ میں داتا دربار کے قریب ایک خاتون اور اس کی بچی سیوریج لائن میں گر کر جاں بحق ہو گئی تھی۔
ابتدائی طور پر پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے اس خبر کو غلط قرار دیتے رہے اور کہا کہ ایسا کوئی واقعہ پیش ہی نہیں آیا تاہم تقریباً 10 گھنٹے بعد خاتون اور اس کی بچی کی لاشیں 3 کلومیٹر دور سے برآمد ہوئیں۔
واقعہ کے بعد وزیراعلیٰ مریم نواز پنجاب کے متعلقہ اداروں پر برہم ہوگئیں اور کمشنر لاہور، اسسٹنٹ کمشنر، واسا، ایل ڈی اے ، ڈپٹی کمشنر لاہور، ٹریفک پولیس اور پولیس کو برابر کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔


























Leave a Reply