چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کا کہنا ہےکہ گھر آئے مہمان کو عزت دی جاتی ہے، جب مہمان گھر آجائے تو بہت سی باتیں بھلا دی جاتی ہیں۔
لاہور میں پی ایس ایل کی ٹیم ملتان کی نیلامی کے بعد پریس کانفرنس میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی اور بنگلادیش کے درمیان بات چیت چل رہی ہے، کوئی جواب آئےگا تو بتایا جائےگا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کے ساتھ چیزیں چل رہی ہیں، میں بھی انتظار کر رہا ہوں، ان کی طرف سے اطلاع آتی تو شیئر کریں گے، ابھی کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا، جب کوئی خود چل کر آجائے تو بہت سی باتیں بھول جانا چاہیے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ بہت سارے ملک ہیں، بہت ہائی لیول پر اپروچ کی گئی ہے، بہت سے دوست ممالک نے رابطہ کیا ہے، ہم نے اپنا نقطہ نظر بتایا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نہ میں کسی سے ڈرتا ہوں، نہ حکومت اور نہ ہی فیلڈ مارشل کسی سے ڈرتے ہیں۔
خیال رہےکہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان بھارت کے خلاف میچ کھیلےگا یا نہیں؟ حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کا امکان ہے جس میں انہیں آئی سی سی کے وفد سے ہونے والی ملاقات سے آگاہ کیا جائےگا۔
آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین گزشتہ روز میچ کھیلنے کی درخواست لے کر چیئرمین پی سی بی کے پاس لاہور آئے تھے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں آئی سی سی، پی سی بی اور بی سی بی کے مذاکرات میں بنگلادیش کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے ازالے کے لیے فارمولا تیار کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان بنگلا دیش سے اظہار یکجہتی کے طور پر ورلڈکپ میں بھارت سے میچ نہ کھیلنےکا اعلان کرچکا ہے، بنگلا دیش نے بھارت میں سکیورٹی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے ورلڈ کپ کے اپنے میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کی تھی، یہ درخواست آئی سی سی نے مسترد کردی تھی اور بنگلا دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ایونٹ میں شامل کرلیا تھا۔
جوابی اقدام کے طور پر پاکستان نے بھارت سے 15 فروری کو شیڈولڈ میچ کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میچ نہ ہونے سے آئی سی سی کو بھاری مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑےگا۔


























Leave a Reply