ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کے بھارت سے میچ نہ کھیلنے کے حوالے سے آئی سی سی کی درخواست پر چیئرمین پی سی بی نے وزیر اعظم سے دوبارہ رابطے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی محسن نقوی کی وزیراعظم شہباز شریف سے آئندہ ایک دو روز میں ملاقات متوقع ہے، محسن نقوی آئی سی سی کی درخوست پر وزیراعظم سے ہدایات لیں گے۔
ذرائع کے کہنا ہے کہ پاک بھارت کرکٹ میچ سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم شہبازشریف کریں گے۔
یاد رہے کہ حکومت پاکستان کی ہدایت پر پی سی بی نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کرنے اور بھارت کے ساتھ میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔
خیال رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت سے میچ کھلانےکے لیے منانے کی کوششیں جاری ہیں۔
اس حوالے سے لاہور میں آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، مذاکرات میں بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان مذاکرات 3گھنٹے سے زائد وقت سے جاری ہیں جن میں چیئرمین پی سی بی کا فوکس بنگلادیش کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے ازالے پر ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ کو جواب دیا ہےکہ بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنےکا فیصلہ حکومت کا ہے اور بھارت کے خلاف میچ کھیلنےکا فیصلہ بھی حکومت ہی کرےگی۔
آج بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات میں بنگلادیش کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔


























Leave a Reply