وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہےکہ بلوچستان میں امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، شہدا کے لواحقین سے وعدہ ہےکہ خون کے ایک ایک قطرےکا حساب لیا جائےگا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ میں بم دھماکےکے مقام کا دورہ کیا اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے پولیس اور سی ٹی ڈی کے فوری اور مؤثر ردعمل پر بہادر جوانوں کو شاباش دی اور کہا کہ دہشت گرد عناصرکے خلاف بروقت رسپانس قابل ستائش ہے، ریاست دشمن عناصر کوکسی صورت معاف نہیں کیا جائےگا، بلوچستان میں امن پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ صبح فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے مختلف علاقوں میں حملوں کی کوشش کی، بلوچستان پولیس اور ایف سی کےجوانوں نےدہشت گردوں کے تمام حملے ناکام بنادیے، ریاست آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی، 12 ماہ میں بلوچستان میں 700 سے زائد دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا گیا، دو روز میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 70 دہشت گرد مارےگئے۔
بعد ازاں سرفراز بگٹی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی، اس موقع پر وہ آبدیدہ ہوگئے۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ہمارے شہدا کی قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی، شہدا کی یہ عظیم قربانی ہے، شہدا کے لواحقین سے وعدہ ہے کہ خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائےگا۔


























Leave a Reply