پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ سینئر اداکارہ نوشابہ بی بی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی شادی صرف 12 برس کی عمر میں ہوئی اور اسی سال انہوں نے چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر کام کرنا شروع کیا۔
حال ہی میں نوشابہ بی بی نے انٹرویو دیا جہاں میزبان کی جانب سے سوال کیا گیا کہ شوبز میں قدم رکھنے سے قبل آپ نے کوئی ملازمت کی؟ جس کے جواب میں سینئر اداکارہ نے کہا کہ وقت ہی نہیں ملا کیونکہ ان کی شادی 12 سال کی عمر میں ہوگئی تھی اور اسی سال ٹی وی میں کام کرنا شروع کردیا تھا۔
اپنی شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ میں گڑیا اور اپنی سہلیوں کے ساتھ کھیل رہی تھی، مجھے پتا چلا کہ ہمارے گھر میں کسی کی شادی ہو رہی ہے، میں بھاگتی ہوئی آئی اور مجھے پکڑ کے بٹھا دیا گیا، اور لپ اسٹک (سرخی) لگا دی گئی، میں لپ اسٹک کی خوشی میں یہ بھول ہی گئی کہ میں نے کسی اور جگہ جانا ہے، لپ اسٹک میری کمزوری ہے۔
اداکارہ نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے یہ بھی کہا کہ جب شادی ہوگئی اور سب مہمان چلے گئے تو میں نے اپنی بڑی نند سے کہا کہ اب مجھے بھی اپنے گھر بھیج دو، اس وقت میرے شوہر اور میری عمر میں 23 سال کا فرق تھا جب کہ میں 14 سال کی عمر میں ماں بنی، پہلی اولاد بیٹا تھا اور میرے 3 بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔
نوشابہ بی بی نے مزید بتایا کہ میرے والد نے مجھے کبھی بھی شوبز میں کام کرنے کی اجازت نہیں دی کیوں کہ وہ سخت مزاج انسان تھے، جبکہ ان کے کئی شاگرد پی ٹی وی میں کام کرتے تھے، میں نے اپنی ساس سے ٹی وی میں کام کرنے کی اجازت مانگی اور میرے شوہر نے میرا ساتھ دیا جس کے بعد میں نے ایک چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔


























Leave a Reply