اسلام آباد: قومی ادارہ صحت نے نیپاہ وائرس کی 100 ٹیسٹنگ کٹس حاصل کرلیں۔
نیپاہ وائرس سے متعلق سیکرٹری صحت حامد یعقوب کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ قومی ادارہ صحت نے نیپاہ وائرس کی 100 ٹیسٹنگ کٹس حاصل کرلی ہیں، مشتبہ نیپاہ مریضوں کے نمونے تصدیق کیلئے قومی ادارہ صحت بھجوائے جائیں گے۔
حکام کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے بھی نیپاہ وائرس الرٹ جاری کردیا ہے، پاکستان کے تمام زمینی و فضائی داخلی راستوں پر مسافروں کی 100فیصد اسکریننگ نافذ ہے۔
حکام نے بتایا کہ مسافروں کی گزشتہ 21 دن کی ٹریول ہسٹری چیک اورہائی رسک مسافروں کی نگرانی جاری ہے جب کہ اسکریننگ کے دوران بخار، سانس اور اعصابی علامات پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، مشتبہ فرد کو فوری آئسولیٹ کر کے آئسولیشن یونٹ منتقل کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق صوبوں کو نیپاہ کیلئے مخصوص اسپتال اور تربیت یافتہ عملہ یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہے۔
قومی ادارہ برائے صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں نِیپاہ وائرس کا کوئی مصدقہ کیس نہیں ہے۔


























Leave a Reply