سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو اور تصویر اس دعوے کے ساتھ شیئر کی جا رہی ہے کہ یہ خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی کی پرانی ریکارڈنگ ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس فوٹیج میں سہیل آفریدی کو اُس وقت رقص کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جب وہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے طلبہ ونگ، انصاف اسٹوڈنٹ فیڈریشن (آئی ایس ایف) کے رکن تھے۔
یہ دعویٰ بالکل غلط ہے، ویڈیو میں نظر آنے والا شخص وزیرِ اعلیٰ نہیں ہے۔
دعویٰ
13 جنوری کو ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے ایک صارف نے لکھا: ”مجھے سہیل آفریدی کے آئی ایس ایف (ISF) کے دنوں کی ایک پرانی ویڈیو ملی ہے۔“
اس پوسٹ کا حوالہ دیتے ہوئے صارف نے 15 سیکنڈ کا ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا، جس کے بارے میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ اس میں نوجوان سہیل آفریدی کو انصاف اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے ایک پروگرام میں رقص کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس پوسٹ کے ساتھ ایک تصویر بھی شیئر کی گئی جس میں خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی کو ایک شخص کے ساتھ کھڑے دیکھا جا سکتا ہے، جس کے بارے میں سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ تھا کہ وہ سہیل آفریدی ہیں۔
اس آرٹیکل کے شائع کئے جانے کے وقت تک پوسٹ کو 26 ہزار 800 سے زائد بار دیکھا اور 66 مرتبہ ری پوسٹ کیا گیا۔
حقیقت
نہ تو اس ویڈیو فوٹیج میں اور نہ ہی تصویر میں خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی موجود ہیں۔
اصل ویڈیو 2016 میں ریکارڈ کی گئی تھی جو پنجاب کے علاقے عارف والا سے تعلق رکھنے والے ایک فنکار ’علی محسن‘ کے یوٹیوب چینل پر موجود ہے۔ اس ویڈیو کو یہاں دیکھا جا سکتا ہے۔
علی محسن نے جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ ویڈیو میں دیکھا جانے والا پروگرام پی ٹی آئی یا اس کے طلبہ ونگ سے وابستہ نہیں تھا، بلکہ یہ ان کے علاقے میں سالگرہ کی ایک نجی تقریب تھی، جہاں پس منظر میں محض سیاسی جماعت کے بینرز لگے ہوئے تھے۔
جہاں تک ویڈیو کے ساتھ شیئر کی گئی تصویر کا تعلق ہے، تو اصل تصویر 12 جنوری کو کراچی ایئرپورٹ پر اس وقت لی گئی تھی جب وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی اپنے تین روزہ دورے کے بعد روانہ ہو رہے تھے۔ بعد ازاں، تصویر میں سہیل آفریدی کا چہرہ ایڈٹ (Edit) کر کے ہٹا دیا گیا اور اس کی جگہ کسی دوسرے شخص کی تصویر لگا دی گئی۔
اس بات کی تصدیق خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کے ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری اور سوشل میڈیا ہیڈ اکرام کھٹانہ نےجیو فیکٹ چیک سے گفتگو کرتے ہوئے کی اور انہوں نے اس دن کی اصل تصویر بھی شیئر کی۔
فیصلہ: ویڈیو میں رقص کرنے والا شخص وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نہیں ہے۔
ہمیں X (ٹوئٹر) GeoFactCheck@ اور انسٹا گرام geo_factcheck@ پر فالو کریں۔ اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔


























Leave a Reply